اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے 11 سے 17 جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی ہے، جس کے ساتھ آندھی، گرج چمک اور بعض مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں 13 سے 17 جولائی کے دوران شدید بارشوں کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
راولپنڈی، اٹک، چکوال اور جہلم سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع جیسے لاہور، سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، خوشاب، سرگودھا، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر، ملتان، ساہیوال، خانیوال، بہاولنگر، وہاڑی، بہاولپور، رحیم یار خان، لیہ، ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں بھی بارش کی توقع ہے۔
خیبرپختونخوا میں 13 سے 17 جولائی کے دوران آندھی اور بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں میں پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، صوابی، مردان، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، کرک، وزیرستان، باجوڑ، دیر، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، سوات اور مالاکنڈ شامل ہیں۔
بلوچستان کے ژوب، شیرانی، موسیٰ خیل، بارکھان اور لورالائی میں بھی بارشیں متوقع ہیں۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسم کی صورتحال سے باخبر رہیں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں، خاص طور پر پہاڑی علاقوں میں سفر کرنے والے مسافر لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے کے پیش نظر محتاط رہیں۔