محکمہ موسمیات کے مطابق بارشوں کا سلسلہ مشرقی پنجاب میں جاری ہے جو آئندہ چند گھنٹوں میں صوبے کے وسطی اور بالائی علاقوں تک پھیلنے کا امکان ہے۔
اگلے 4 سے 6 گھنٹوں کے دوران لاہور، اوکاڑہ، قصور، شیخوپورہ، فیصل آباد، ساہیوال، نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، گجرات، حافظ آباد، منڈی بہاؤالدین، سرگودھا اور پوٹھوہار ریجن (راولپنڈی، خوشاب، اٹک، جہلم، چکوال)، اسلام آباد، مری، گلیات اور گرد و نواح میں گرج چمک کے ساتھ تیز ہوائیں اور بارش متوقع ہے۔
چند مقامات پر موسلا دھار سے انتہائی موسلا دھار بارش بھی ہو سکتی ہے، جس کے باعث نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور دیگر ممکنہ نقصانات کا خدشہ ہے۔
ضلعی انتظامیہ، واسا افسران، اسسٹنٹ کمشنرز، ڈیزاسٹر مینجمنٹ افسران اور دیگر متعلقہ اداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ رہیں اور کسی بھی نقصان یا واقعے کی صورت میں فوری طور پر صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (PEOC) کو رپورٹ کریں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے پنجاب عرفان علی کاٹھیا کی ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں موجود رہنے کی ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ بارش والے اضلاع کی انتظامیہ واسا اور ریسکیو ادارے فیلڈ میں الرٹ رہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے احکامات کے مطابق تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں ۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں 1 گھنٹے کے دوران تقریباً 100 ملی میٹر تک بارش ہوئی اورآئند 4 سے 6 گھنٹوں کے دوران لاہور میں مزید بارش کی پیشگوئی ہے ۔ڈی جی عرفان علی کاٹھیا کا کہنا تھا کہ واسا ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ سمیت تمام متعلقہ محکمے الرٹ رہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ نشیبی علاقوں سے نکاسی آب کو جلد از جلد یقینی بنایا جائے اورتمام چوکنگ پوائنٹس پر مشینری سمیت عملے کی تعیناتی کو یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ہدایات جاری کہ کہ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کو فنگشنل رکھیں جنریٹرز وغیرہ کا بیک اپ یقینی بنایا جائے ۔