ویب ڈیسک۔ ایپل کے نئے آئی فون 17 پرو میکس کی لیک شدہ تفصیلات نے صارفین اور ماہرین کو حیران کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق، ان تبدیلیوں میں پروسیسر، کیمرہ، بیٹری، چارجنگ، اور ڈیزائن شامل ہیں، جو آئی فون 16 پرو میکس کے مقابلے میں ایک اپ ڈیٹ ماڈل کو ظاہر کرتی ہیں۔
ایپل کمپنی کے آئندہ فلیگ شپ اسمارٹ فون، آئی فون 17 پرو میکس سے متعلق لیک شدہ تفصیلات مارکیٹ میں سامنے آگئی ہیں، جن میں ڈیزائن، کارکردگی، کیمرہ، بیٹری اور چارجنگ کے متعلق قابلِ ذکر تبدیلیاں شامل ہیں۔ ذرائع کے مطابق، یہ نئی پیش رفت آئی فون 16 پرو میکس کے مقابلے میں ایک بڑی اپ ڈیٹ سمجھی جا رہی ہے۔
ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق، آئی فون 17 پرو میکس میں نیا A19 چپ سیٹ شامل کیا گیا ہے، جو پچھلے A18 پرو کے مقابلے میں نہ صرف تیز رفتار ہے بلکہ توانائی کی بچت میں بھی معاون ثابت ہوگا۔ اس کے ساتھ، فون کی ریم (RAM) کو 8GB سے بڑھا کر 12GB کر دیا گیا ہے، جس سے بیک وقت کئی ایپس چلانا مزید آسان ہو جائے گا۔
کیمرہ کے لینسز میں بھی نمایاں بہتری سامنے آئی ہے۔ لیکس شدہ معلومات کے مطابق، ٹیلی فوٹو لینس کو 12 میگا پکسل سے بڑھا کر 48 میگا پکسل کر دیا گیا ہے، جبکہ سیلفی کیمرہ بھی 12 میگا پکسل سے اپ گریڈ ہو کر 24 میگا پکسل ہو گیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ تبدیلیاں فوٹوگرافی کے شوقین افراد کے لیے خوش آئند ثابت ہوں گی۔
بیٹری کے حوالے سے بھی اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، جس میں فون کو 4685mAh سے بڑھا کر 5000mAh کی بیٹری فراہم کی جا رہی ہے۔ ساتھ ہی میگ سیف چارجنگ کی صلاحیت بھی 25W سے بڑھا کر 50W کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ نئے ماڈل کے ڈیزائن میں بھی تبدیلی متوقع ہے، جس میں ایلومینیم فریم استعمال کیا گیا ہے۔ آئی فون 16 پرو میکس میں ٹائٹینیم فریم موجود تھا۔ اس کے علاوہ، فون کی موٹائی 8.725 ملی میٹر ہو گی۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ لیکس شدہ معلومات درست ثابت ہوتی ہیں تو آئی فون 17 پرو میکس، ایپل کے اسمارٹ موبائلز کی دنیا میں ایک جدید باب کا آغاز کرے گا۔