ویب ڈیسک۔ آزاد فیکٹ چیک نے بھارت سے چلنے والے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ کی جانب سے پھیلائی گئی غلط معلومات کی نشاندہی کی ہے، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ بھارتی فضائیہ (IAF) نے 6 سے 10 مئی کے دوران جنگ میں پاکستان کے کئی طیارے مار گرائے تھے۔
گمراہ کن دعوے میں کہا گیا تھا کہ آپریشن سندور (#OperationSindoor) کے دوران بھارتی فضائیہ نے پاکستان کے JF-17 تھنڈر، AWACS، دو F-16 طیارے اور ایک C-130J کو مار گرایا، اور اسی وجہ سے پاکستانی فضائیہ 8 سے 10 مئی کے درمیان پیچھے ہٹ گئی اور بھارتی فضائیہ نے بغیر کسی مزاحمت کے متعدد پاکستانی ایئر بیسز کو نشانہ بنایا۔
تاہم، آزاد فیکٹ چیک نے اس دعوے کو سراسر غلط قرار دیا ہے اور واضح کیا ہے کہ بھارتی فضائیہ نے مذکورہ عرصے کے دوران کوئی بھی پاکستانی طیارہ مار نہیں گرایا۔ یہ مؤقف بین الاقوامی میڈیا اور مستند ذرائع سے تصدیق شدہ ہے۔
آزاد فیکٹ چیک نے خبردار کیا کہ اس قسم کی گمراہ کن معلومات نہ صرف عوام کو غلط فہمی میں مبتلا کرتی ہیں بلکہ خطے میں غلط بیانی کے ذریعے کشیدگی کو بڑھاوا دینے کا باعث بن سکتی ہیں۔