ویب ڈیسک۔ ایشیا کپ 2025 کے حوالے سے ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، بھارتی وزارت خارجہ نے بالآخر بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کو گرین سگنل دے دیا ہے، جس کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کے پاکستان میں میچ کھیلنے کی راہ ہموار ہو گئی ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں ایونٹ کا باقاعدہ شیڈول جاری کیے جانے کا قوی امکان ہے۔
ایشیا کپ اس سال 9 سے 28 ستمبر تک منعقد ہوگا، جس میں پہلے گروپ اسٹیج اور پھر سپر فور مرحلہ کھیلا جائے گا۔ اس ٹورنامنٹ میں آٹھ ٹیمیں شریک ہوں گی جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا، بنگلہ دیش، افغانستان، متحدہ عرب امارات، عمان اور ہانگ کانگ شامل ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق بھارت، پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان کچھ اختلافات موجود تھے جو اب خوش اسلوبی سے حل کر لیے گئے ہیں، جس کے بعد ٹورنامنٹ کی منصوبہ بندی میں حائل بڑی رکاوٹیں دور ہو گئی ہیں۔
یو اے ای ممکنہ میزبان، سیاست سے الگ رکھنے پر اتفاق
ذرائع کے مطابق متحدہ عرب امارات اور ابوظہبی ایشیا کپ کی میزبانی کے لیے مضبوط امیدوار کے طور پر سامنے آئے ہیں۔ جدید انفراسٹرکچر اور کرکٹ ایونٹس کی میزبانی کے وسیع تجربے کی بنا پر یو اے ای کو ایک غیر جانبدار مقام تصور کیا جا رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بی سی سی آئی اندرونِ خانہ شیڈول کی تیاری کے آخری مراحل میں ہے، اور بھارتی ٹیم کو سفارتی منظوری ملنے کے بعد اس کی تیاریاں تیزی سے جاری ہیں۔
ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کا سالانہ اجلاس 24 جولائی کو ڈھاکہ میں منعقد ہوا، جس میں ایشیا کپ سے متعلق کئی اہم فیصلے باضابطہ طور پر کیے گئے۔ اجلاس کی صدارت اے سی سی کے صدر اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کی۔ اس اجلاس میں 25 رکن ممالک کے نمائندے شریک ہوئے، جب کہ بعض نے آن لائن شرکت کی۔
محسن نقوی نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کے ساتھ شیڈول سے متعلق بات چیت جاری ہے اور امید ہے کہ جلد حتمی تاریخوں کا اعلان کر دیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹورنامنٹ کو 6 کے بجائے 8 ٹیموں تک وسعت دینے پر بھی غور ہو رہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اجلاس خوشگوار ماحول میں ہوا اور تمام رکن ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے گا۔ محسن نقوی نے کہا کہ “ہم سب نے ایشیا میں کرکٹ کے فروغ کے لیے یکجہتی سے کام کرنے پر اتفاق کیا ہے۔”
اگرچہ پاک-بھارت میچ کی تاریخ اور مقام کا اعلان تاحال نہیں ہوا، لیکن شائقین کرکٹ کو جلد خوشخبری ملنے کی امید ہے۔ محسن نقوی نے شائقین سے اپیل کی کہ وہ باضابطہ اعلان کا انتظار کریں، جلد تمام تفصیلات منظرِ عام پر آ جائیں گی۔