معروف پیشہ ور ریسلر اور ڈبلیو ڈبلیو ای ہال آف فیمر ہلک ہوگن انتقال کر گئے۔
امریکی خبر رساں ادارےٹی ایم زیڈ کے مطابق ہلک ہوگن کو فلوریڈا میں واقع ان کے گھر پر دل کا دورہ پڑا، جو جان لیوا ثابت ہوا۔
ہلک ہوگن 11 اگست 1953 کو ریاست جارجیا کے شہر آگسٹا میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد پیٹرو “پیٹر” بولیا، ایک تعمیراتی فورمین تھے جبکہ والدہ روتھ وی موڈی گھریلو خاتون اور رقص کی استاد تھیں۔
ان کا خاندان بعد ازاں فلوریڈا منتقل ہو گیا، جہاں ہلک ہوگن نے اپنی نوجوانی گزاری اور بعد میں پیشہ ور ریسلنگ کی دنیا میں قدم رکھا۔
ان کی موت کی خبر انٹرنیٹ پر اس وقت سامنے آئی جب گزشتہ ماہ افواہیں گردش کر رہی تھیں کہ وہ بسترِ مرگ پر ہیں۔ تاہم اس وقت ان کے نمائندے نے وضاحت کی تھی کہ ہلک ہوگن کی گردن کی کامیاب سرجری ہوئی ہے اور ان کی حالت تسلی بخش ہے۔
ریسلنگ کی دنیا میں ان کی خدمات اور مقبولیت ناقابلِ فراموش ہیں، اور ان کا انتقال لاکھوں مداحوں کے لیے ایک بڑا صدمہ ہے۔
ہلک ہوگن کا شمار ریسلنگ کی تاریخ کے عظیم ترین سپر اسٹارز میں کیا جاتا ہے۔ انہوں نے 1980 اور 1990 کی دہائیوں میں ورلڈ ریسلنگ انٹرٹینمنٹ (WWE، سابق WWF) کو عالمی شہرت دلائی۔ ان کا مشہور نعرہ
“Whatcha gonna do, brother, when Hulkamania runs wild on you?”
دنیا بھر میں ریسلنگ کے مداحوں کے دلوں پر راج کرتا رہا۔