مودی سرکار کے زیر سایہ ہندوتوا کے بڑھتے ہوئے اثر، اکھنڈ بھارت کے خواب اور سماجی تنگ نظری نے نہ صرف اقلیتوں بلکہ تعلیم یافتہ، باشعور اور متوسط طبقے کے لاکھوں بھارتی شہریوں کو اپنا وطن چھوڑنے پر مجبور کر دیا ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ چھ برسوں کے دوران 10 لاکھ سے زائد بھارتی شہریوں نے اپنی شہریت ترک کی جن میں صرف سال 2024 میں 2,06,378 افراد شامل ہیں۔
یہ رجحان 2019 سے مسلسل بڑھ رہا ہے جب 1,44,017 افراد نے شہریت چھوڑی تھی اور 2022 میں یہ تعداد 2,25,620 تک جا پہنچی۔
مودی سرکار کے دور میں جمہوریت صرف ایک نعرہ بن کر رہ گئی ہے جس سوچ کی بنیاد پر بھارت کو سیکولر ریاست بنایا گیا تھا، آج وہی سوچ شدید حملوں کی زد میں ہے۔
تجزیہ کاروں کا ماننا ہے کہ “اکھنڈ بھارت” کی بڑھکوں، مسلمانوں، عیسائیوں اور دلتوں کے خلاف بڑھتے تشدد اور بی جے پی کی جانب سے اکثریتی ووٹ بینک کو خوش کرنے والی پالیسیوں نے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر بھی تنہا کردیا ہے۔
بھارتی حکومت کی ویب سائٹ کے مطابق شہریت ترک کرنے کا عمل مکمل آن لائن طریقے سے کیا جا رہا ہے اور ہر ماہ ہزاروں افراد اس آپشن کو استعمال کر رہے ہیں۔
شدت پسندی اور مذہبی انتہا پسندی کے اس ماحول میں بھارت کا تعلیم یافتہ طبقہ محفوظ مستقبل اور آزادی کی تلاش میں مغربی ممالک کا رخ کر رہا ہے جو مودی حکومت کی انتہا پسندانہ پالیسیوں کا واضح ثبوت ہے ۔