عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں مسلسل تین روز تک کمی کے بعد سونے کی قیمتوں میں ایک بار پھر بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ چاندی کے نرخ بھی نمایاں طور پر بڑھ گئے ہیں۔ قیمتوں میں اچانک اضافے کے بعد سرمایہ کاروں اور خریداروں میں نئی تشویش پیدا ہوگئی ہے۔
آل پاکستان صرافہ ایسوسی ایشن کے مطابق مقامی مارکیٹ میں 24 قیراط فی تولہ سونا 4 ہزار 100 روپے مہنگا ہوکر 4 لاکھ 92 ہزار 462 روپے تک پہنچ گیا۔ اسی طرح 10 گرام سونے کی قیمت میں 3 ہزار 515 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد نئی قیمت 4 لاکھ 22 ہزار 206 روپے ہوگئی۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں میں تیزی دیکھی گئی۔ بین الاقوامی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونا 41 ڈالر اضافے کے بعد 4 ہزار 701 ڈالر کی سطح پر پہنچ گیا جس کے اثرات براہِ راست مقامی مارکیٹ پر بھی مرتب ہوئے۔
چاندی کی قیمتوں میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا۔ مقامی مارکیٹ میں فی تولہ چاندی 395 روپے مہنگی ہوکر 8 ہزار 908 روپے تک جا پہنچی۔
عالمی سطح پر جغرافیائی کشیدگی ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتے تناؤ خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور سرمایہ کاروں کا محفوظ سرمایہ کاری کی جانب رجحان سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔
عالمی مالیاتی غیر یقینی صورتحال برقرار رہی تو آنے والے دنوں میں سونے کی قیمتوں میں مزید اتار چڑھاؤ دیکھنے کو مل سکتا ہے۔ دوسری جانب جیولری مارکیٹ سے وابستہ افراد کے مطابق قیمتوں میں مسلسل تبدیلی سے خرید و فروخت کا رجحان بھی متاثر ہو رہا ہے۔