مہنگائی کے خلاف بڑا اقدام، متعدد اضلاع اور تحصیلوں میں نئے سہولت بازار بنانے کا اعلان

مہنگائی کے خلاف بڑا اقدام، متعدد اضلاع اور تحصیلوں میں نئے سہولت بازار بنانے کا اعلان

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے بھر میں عوام کو سستی اشیائے ضروریہ کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے بڑے ریلیف پیکیج کا اعلان کرتے ہوئے جولائی تک 27 شہروں میں نئے سہولت بازار قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

سرکاری اعلامیے کے مطابق ان سہولت بازاروں میں شہریوں کو سبزیاں پھل اور دیگر اشیائے خورونوش اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں تقریباً 40 فیصد جبکہ ڈی سی ریٹ سے 18 فیصد کم نرخ پر دستیاب ہوں گی۔ اس اقدام کا مقصد مہنگائی کے اثرات کو کم کرنا اور عام آدمی کو براہِ راست ریلیف فراہم کرنا ہے۔

حکومت نے سہولت بازاروں کے ساتھ جدید سہولیات بھی متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جن میں 5 کلومیٹر تک مفت ہوم ڈیلیوری سروس شامل ہے۔ اس سہولت کے تحت شہری اپنے گھروں تک اشیاء منگوا سکیں گے جس سے نہ صرف وقت کی بچت ہوگی بلکہ بزرگوں اور خواتین کے لیے آسانی بھی پیدا ہوگی۔

پراجیکٹ کے تحت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 13 سہولت آن دی گو بازار بھی قائم کیے جائیں گے جو موبائل یا عارضی بنیادوں پر کام کریں گے اور دور دراز علاقوں تک سستی اشیاء کی رسائی ممکن بنائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں:وزیراعظم اپنا گھر پروگرام کا آغاز، 20 سالہ اقساط پر گھر یا پلاٹ خریدنے کی سہولت

نئے سہولت بازار بھکر، میانوالی، پاکپتن، راجن پور، مظفرگڑھ، منڈی بہاؤالدین، راولپنڈی، اٹک اور جہلم کی تحصیلوں میں قائم کیے جائیں گے، جبکہ خانیوال، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بہاولپور، بہاولنگر، اوکاڑہ، سیالکوٹ، گجرات اور سرگودھا بھی اس منصوبے میں شامل ہیں۔

اسی طرح سہولت آن دی گو بازار لاہور، جہلم، بھکر، راولپنڈی، قصور اور فیصل آباد کی مختلف تحصیلوں میں قائم کیے جائیں گے تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔

حکام کے مطابق یہ منصوبہ نہ صرف مہنگائی کے خلاف حکومتی اقدامات کا حصہ ہے بلکہ مارکیٹ میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور ذخیرہ اندوزی کی حوصلہ شکنی میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر اس منصوبے پر مؤثر عملدرآمد کیا گیا تو یہ عام شہری کے لیے بڑا ریلیف ثابت ہو سکتا ہے اور اشیائے خورونوش کی دستیابی میں بہتری آئے گی۔

editor

Related Articles