وزیراعظم کے اپنا گھر پروگرام کے تحت عوام کو سستے اور آسان اقساط پر گھر یا پلاٹ خریدنے کے لیے بڑے مالی پیکیج کا اعلان آج کیا جا رہا ہے اس اسکیم کا مقصد کم اور متوسط آمدنی والے طبقے کو رہائشی سہولت فراہم کرنا اور ملک میں ہاؤسنگ سیکٹر کو فروغ دینا ہے۔
اس پروگرام کے تحت شہریوں کو 10 مرلہ گھر یا پلاٹ کی خریداری کے لیے 25 لاکھ روپے سے لے کر 1 کروڑ روپے تک کا قرض فراہم کیا جائے گا۔ قرض کی مدت 20 سال مقرر کی گئی ہے جس میں پہلے 10 سال تک 5 فیصد فکسڈ مارک اپ لاگو ہوگا جبکہ بعد کے 10 سالوں میں نارمل مارک اپ وصول کیا جائے گا۔
قرض کی مختلف کیٹیگریز بھی طے کی گئی ہیں جن کے مطابق 25 لاکھ روپے، 50 لاکھ روپے، 75 لاکھ روپے اور 1 کروڑ روپے تک قرض حاصل کیا جا سکے گا۔ اقساط کی تفصیلات کے مطابق 25 لاکھ روپے قرض پر ماہانہ قسط تقریباً 16 ہزار 499 روپے ہوگی،50 لاکھ روپے قرض پر ماہانہ قسط 32 ہزار 997 روپے، 75 لاکھ روپے قرض پر ماہانہ قسط 49 ہزار 497 روپے جبکہ 1 کروڑ روپے قرض پر ماہانہ قسط 65 ہزار 996 روپے مقرر کی گئی ہے
اسکیم کے تحت قرض لینے والے کے لیے شرط عائد کی گئی ہے کہ اس کے نام پر پہلے سے کوئی بڑا قرض یا واجبات نہ ہوں۔ قرض کی رقم سے شہری 10 مرلہ پلاٹ یا 10 مرلہ کا تیار شدہ گھر خرید سکیں گے۔ منصوبے میں 90 فیصد فنانسنگ حکومتی اسکیم کے تحت جبکہ 10 فیصد حصہ درخواست گزار کو خود ادا کرنا ہوگا۔
قرض کی فراہمی اسلامک بینکوں، کمرشل بینکوں، مائیکروفنانس اداروں اور ہاؤس بلڈنگ فنانس کمپنیوں کے ذریعے کی جائے گی۔ حکام کے مطابق اس اسکیم میں درخواست دینے کے لیے کسی قسم کی پیشگی فیس یا ادائیگی کی شرط نہیں رکھی گئی۔
پروگرام کی نگرانی اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور پاکستان ہاؤسنگ اتھارٹی فاؤنڈیشن کرے گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔ درخواست دینے کا مکمل عمل آن لائن ہوگا اور ایک ماہ کے اندر قرض کی حتمی منظوری دی جائے گی۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ ملک میں رہائشی بحران کم کرنے اور عام شہری کو اپنا گھر بنانے کے خواب کی تعبیر میں اہم کردار ادا کرے گا۔