اسلام آباد وگردو نواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ، عوام میں خوف وہراس پھیل گیااسلام آباد اور گردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے،ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5.1 تھی جس کے باعث عوام میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ لوگ گھبراہٹ میں اپنے گھروں، دفاتر اور عمارتوں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے رہے۔
زلزلے کا مرکز اسلام آباد سے تین کلو میٹر دور بتایا گیا ہے ،تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، یاد رہے کہ پاکستان زلزلوں کے حوالے سے حساس خطے میں واقع ہے، جہاں ماضی میں بھی شدید نوعیت کے زلزلے تباہی کا سبب بن چکے ہیں۔
زلزلے کی لرزش صرف وفاقی دارالحکومت تک محدود نہیں ر ہی بلکہ اٹک، صوابی اور ظفر وال سمیت دیگر قریبی علاقوں میں بھی شدت سے محسوس کی گئی۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ رات 12 بج کر 10 منٹ پر آیا جس کی شدت 5.1 ریکارڈ کی گئ جبکہ زمین کے اندر اس کی گہرائی تقریباً 10 کلومیٹر تھی جبکہ مرکز راولپنڈی کے نواحی علاقے روات کے جنوب مشرق میں 15 کلومیٹر کے فاصلے پر واقع تھا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی اسلام آباد، راولپنڈی اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جس سے خطے میں ایک بار پھر زلزلہ خیزی کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔
ماہرین کے مطابق زمین کی سطح کے قریب اس نوعیت کے زلزلے آفٹر شاکس کا خطرہ بڑھا سکتے ہیں، لہٰذا شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور مستند ذرائع سے معلومات حاصل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے