ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان اور امریکہ کے درمیان ایک اہم تجارتی معاہدہ طے پا گیا ہے، جو دو طرفہ تعلقات میں ایک نمایاں پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اس معاہدے کا مقصد سرمایہ کاری کو فروغ دینا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مزید آگے بڑھانا ہے،معاہدے کے تحت پاکستان کی سب سے بڑی آئل ریفائننگ کمپنی سینرجیکونے معروف امریکی کمپنی وائٹل کے ساتھ ایک اہم شراکت داری قائم کی ہے۔
اس معاہدے کے نتیجے میں پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈیوں تک بہتر رسائی ممکن ہو سکے گی جبکہ برآمدات پر عائد محصولات میں بھی کمی آئے گی۔
اس سلسلے میں سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان میں موجود تیل کے وسیع ذخائر کی تلاش اور ترقی میں تعاون کے لیے تیار ہے، جو توانائی کے شعبے میں دونوں ممالک کے لیے اہم پیشرفت ثابت ہو سکتا ہے۔
معاہدے کے نتیجے میں توانائی، معدنیات، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور کرپٹو کرنسی جیسے ابھرتے ہوئے شعبوں میں اقتصادی تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔
سینرجیکوکی موجودہ یومیہ ریفائنری پروسیسنگ صلاحیت 1,56,000 بیرل ہے،مستقبل میں ریفائنری کی اپ گریڈیشن اور ایک نیا آف شور ٹرمینل لگانے کا منصوبہ بھی زیر غور ہے جو اگلے پانچ سال کے دوران مکمل کیا جائے گا۔
تجزیہ کاروں کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مؤثر کاوشوں کے باعث یہ معاہدہ پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور معیشت کے مختلف شعبوں میں ترقی کی بنیاد بنے گا۔