وفاقی دارالحکومت میں ایک شہری نے شوال کے چاند کے اعلان سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک انوکھی درخواست دائر کر دی ہے۔
درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ عدالت رویت ہلال کمیٹی کو ہدایت جاری کرے کہ عید کا چاند نظر آنے کے بعد اس کے اعلان میں تاخیر نہ کی جائے اور جلد از جلد باضابطہ اعلان کیا جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ چاند کے اعلان میں تاخیر کے باعث بعض اوقات لوگ تراویح کی نماز بھی ادا کر لیتے ہیں، جس سے شہریوں میں الجھن پیدا ہوتی ہے۔
شہری نے عدالت سے یہ بھی استدعا کی ہے کہ چاند کا اعلان رات گئے ہونے کی صورت میں مارکیٹوں میں اچانک رش بڑھ جاتا ہے، جس سے انتظامیہ کو لا اینڈ آرڈر کی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے، لہٰذا اس سے بچاؤ کے لیے مناسب اقدامات کی ہدایت کی جائے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عید شاپنگ سے متعلق دکانوں کے علاوہ دیگر مارکیٹس کو بند رکھنے کا بھی حکم دیا جائے تاکہ شہریوں کے غیر ضروری رش اور ممکنہ بد نظمی کو روکا جا سکے۔