پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ احتجاج کو مدنظر رکھتے ہوئے ضلعی انتظامیہ نے راولپنڈی بھر میں دفعہ 144 کا نفاذ کر دیا ہے، جس کے تحت مختلف پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ 4 اگست سے 10 اگست تک ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ العمل رہے گی۔
اس دوران کسی بھی قسم کے عوامی اجتماعات، سیاسی ریلیوں اور جلوسوں پر مکمل طور پر پابندی ہوگی،نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ ان ایام کے دوران موٹرسائیکل پر دو افراد کی سواری ممنوع ہوگی ۔
اس کے ساتھ ساتھ اسلحے کی نمائش، لاوڈ اسپیکر کے استعمال اور عوامی مقامات پر رکاوٹیں ہٹانے جیسے اقدامات پر بھی سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ امن و امان کو برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامہ آرائی سے بچنے کے لیے یہ اقدام اٹھایا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔