کراچی: کےالیکٹرک نے اپنے صارفین کے لیے بجلی کے بل کا نیا ڈیزائن متعارف کرادیا ہے جس کا مقصد صارفین کو اپنے بجلی کے استعمال اور ادائیگیوں کا واضح اور آسان خلاصہ فراہم کرنا ہے۔
کے الیکٹرک کی جانب سے نئے بل کی ترتیب میں اہم تبدیلیاں کی گئی ہیں تاکہ معلومات کو زیادہ جامع اور سمجھنے میں آسان بنایا جا سکے، تاہم بجلی کے نرخوں اور سلیبز میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ بل میں توانائی چارجز، ٹیکسز اور صارف کی دیگر معلومات جیسے کہ کنیکٹڈ لوڈ اور سیکیورٹی ڈپازٹ کو ایک جگہ پر یکجا کیا گیا ہے۔
ایک نیا “پیغام بورڈ” بھی شامل کیا گیا ہے جو صارفین کو حکومت کی جانب سے ٹیرف یا ٹیکس میں کسی تبدیلی کے بارے میں آگاہ کرے گا۔ اس کے علاوہ، اضافی پرچوں کی ضرورت کم کر دی گئی ہے، جو پہلے علیحدہ فلائرز کے ذریعے دی جاتی تھیں۔
کےالیکٹرک کی سینئر ڈائریکٹر اور ہیڈ آف مارکیٹنگ و کسٹمر ایکسپیرینس، نور افشاں کا کہنا ہے کہ یہ نئی تبدیلی صارفین کی آراء کو مدنظر رکھتے ہوئے کی گئی ہے اور کمپنی کا عزم ہے کہ وہ اپنے صارفین کے ساتھ شفاف رابطہ قائم رکھے۔