کویت میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

کویت میں ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے بڑی خوشخبری

کویت نے تقریباً 15 سال بعد پاکستانی ورکرز کی بھرتی پرعائد پابندی ختم کر دی ہے، جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور روزگار کے نئے مواقع پیدا ہونے کی امید پیدا ہو گئی ہے۔

کویت کی جانب سے یہ فیصلہ اسلام آباد میں ہونے والے اعلیٰ سطح کے مذاکرات کے بعد سامنے آیا، جہاں کویت کے اسسٹنٹ فارن منسٹر برائے ایشیائی امور، سفیر سمیح عیسیٰ جوہرالدفیری نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات کی۔

یہ بھی پڑھیں:کویت میں نوکری کے خواہشمند پاکستانی ابھی اپلائی کریں

اس اقدام کے نتیجے میں پاکستانی ہنر مند اور نیم ہنر مند افراد کے لیے روزگار کے ہزاروں مواقع پیدا ہوں گے، خاص طور پر تعمیرات، صحت اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں، جن میں ڈرائیورز، ترکھان، الیکٹریشن، ویلڈر، ٹیکنیشنز اور دیگر ہنر مند افراد کی مانگ میں اضافہ متوقع ہے اور کویتی کمپنیاں فوراً بھرتی کا عمل شروع کرنے والی ہیں۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ ’ کویتی حکام شفاف اور مؤثر بھرتی کے عمل کے لیے پرعزم ہیں، جو ہماری نوجوان نسل کے لیے بہترین مواقع فراہم کرے گا‘۔

آن لائن ویزا سسٹم کا آغاز

دونوں ممالک نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ بھرتی کے عمل کو مکمل طور پر ڈیجیٹل اور شفاف بنایا جائے گا۔ آن لائن ویزا سسٹم کے ذریعے غیر قانونی ایجنٹس کے کردار کا خاتمہ ممکن ہو گا اور درخواست کا عمل محفوظ اور تیز تر ہو گا۔

پاکستان کی اوورسیز پالیسی کو نئی تقویت

کویت کی جانب سے ملازمتوں کی بحالی ایسے وقت میں ہوئی ہے جب پاکستان بیرون ملک افرادی قوت بھیجنے پر خصوصی توجہ دے رہا ہے۔

مزید پڑھیں:کویت جانے کے خواہشمند افراد کیلئے خوشخبری

صرف 2024 میں پاکستان سے 5 لاکھ سے زیادہ افراد بیرون ملک روزگار کے لیے گئے، جبکہ ترسیلات زر کا حجم 30 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا۔ حکام کو امید ہے کہ کویت میں نئے مواقع سے نہ صرف روزگار بڑھے گا بلکہ ترسیلات زر میں بھی مزید اضافہ ہو گا۔

ملازمت کے خواہشمند افراد کے لیے اہم ہدایات

پاکستانی شہری جو کویت میں ملازمت حاصل کرنا چاہتے ہیں، انہیں درج ذیل اقدامات کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ان ہدایات میں سب سے پہلے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ میں رجسٹریشن کروائیں، دوسرے نمبرغیر قانونی کمیشن لینے والے ایجنٹس سے ہوشیار رہیں، سرکاری ذرائع سے ہی ملازمتوں اور ویزا کی معلومات حاصل کریں۔

وزارت اوورسیز پاکستانیز جلد ہی ایک آن لائن پورٹل جاری کرے گی، جس میں ملازمتوں کی تفصیلات، اہلیت کے معیار اور درخواست کا طریقہ کار شامل ہو گا۔

یہ فیصلہ پاکستان اور کویت کے درمیان بڑھتے ہوئے دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور بیرون ملک بہتر مستقبل کی تلاش میں لاکھوں پاکستانیوں کے لیے نئی امید لے کر آیا ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *