حج درخواستیں جمع کرانے کا دوسرا مرحلہ آج سے شروع ہو گا، غیر رجسٹرڈ افراد بھی درخواستیں جمع کروا سکیں گے۔
رجسٹرڈ افراد کی جانب سے پہلا مرحلہ جو 9 اگست کو ختم ہوا، اس میں 71 ہزار درخواستیں جمع ہوئیں، دوسرے مرحلے میں وہ افراد بھی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں جنہوں نے رجسٹریشن نہیں کرائی۔
اخراجات کی پہلی قسط کے ساتھ درخواستوں کی وصولی کا عمل 11 اگست سے 16 اگست تک جاری رہے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق درخواستیں کم آنے کی صورت میں کوٹہ مکمل کرنے کے لئے پھر موقع دیا جائے گا۔
12 سال سے کم عمر بچے حج 2026 پر لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی، اس کے علاوہ سعودی عرب سے منظور شدہ ویکسین لازمی قرار دی گئی ہے۔
بیرون ملک رہنے والے پاکستانی حج کیلئے درخواستیں بمع رقم وزارت حج کے نامزد بینکوں میں جمع کرا سکتے ہیں۔
لانگ حج کیلئے پہلی قسط 5 لاکھ روپے اور شارٹ حج کیلئے پہلی قسط 5 لاکھ 50 ہزار روپے رکھی گئی ہے، جیسے ہی حج کوٹہ مکمل ہو گا درخواستوں کی وصولی روک دی جائے گی۔
گزشتہ روز سرکاری حج سکیم 2026 کے لیے درخواستوں کی وصولی کا پہلا مرحلہ مکمل ہو گیا۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق آن لائن پورٹل اور نامزد بینکوں میں جمع کرائی گئی درخواستوں کی تعداد 71 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
ترجمان وزارت مذہبی امور کاکہنا ہے کہ اخراجات کی پہلی قسط کے ساتھ درخواستوں کی وصولی 11 تا 16 اگست جاری رہے گی جبکہ دوسرے مرحلے میں غیر رجسٹرڈ عازمین حج بھی درخواست جمع کرا سکیں گے۔
یاد رہے اگلے سال پاکستان کو حج کوٹے کے سلسلے میں 179210 کا کوٹہ جاری کیا گیا ہے، ان میں وزارت مذہبی امور کے مطابق 129210 سرکاری سکیم کے تحت پاکستانی فریضہ حج ادا کر سکیں گے۔