پاکستان سوزوکی موٹر کمپنی نے سوزوکی ایوری پر محدود مدت کے لیے 450,000 روپے کی رعایت دینے کا اعلان کیا ہے۔
یہ آفر صرف ایوری VX ویرینٹ پر دستیاب ہے، گاڑی کی اصل قیمت 29,12,230 روپے ہے، جبکہ کیش بونس کے بعد اس کی مؤثر قیمت 24,62,230 روپے ہو جاتی ہے،کمپنی نے اس پیشکش کا اعلان اپنی سوشل میڈیا پوسٹس کے ذریعے کیا ہے۔
سوزوکی کا کہنا ہے کہ یہ آفر کسی بھی وقت تبدیل یا منسوخ کی جا سکتی ہے، اس لیے گاہکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بکنگ یا خریداری سے پہلے اپنے قریبی ڈیلر سے دستیابی کی تصدیق ضرور کر لیں۔
یاد رہے کہ سوزوکی ایوری نے گزشتہ سال کے آخر میں طویل عرصے تک چلنے والی بولان کو ری پلیس کیا تھا۔
یہ گاڑی سادہ مگر کارآمد باڈی اسٹائل کے ساتھ آتی ہے جو شہری علاقوں کی ڈرائیونگ اور تنگ جگہوں میں پارکنگ کے لیے موزوں ہے، سلائیڈنگ ڈورز کی وجہ سے فیملیز اور چھوٹے کاروبار کے لیے سوار ہونا آسان ہو جاتا ہے۔
اس میں ملٹی ریفلیکٹر ہیڈ لائٹس دی گئی ہیں جن کی اونچائی ایڈجسٹ کی جا سکتی ہے، جو رات کے وقت کارآمد ثابت ہوتی ہیں۔
اندرونی فیچرز کی بات کریں تو گاڑی کا کیبن سادہ مگر عملی ہے ، فیبرک سیٹیں، ٹو ٹون ڈیش بورڈ اور مختلف سٹوریج اسپیسز گاڑی کو بنیادی مگر آرام دہ بناتی ہیں ، اس کی فرنٹ سیٹیں ایڈجسٹ ایبل ہیں، جبکہ ریئر سیٹیں فولڈ ہو کر مزید سامان رکھنے کی جگہ فراہم کرتی ہیں۔
گاڑی میں پاور اسٹیئرنگ اور 12-وولٹ ساکٹ معیاری طور پر شامل ہیں ، اس کے اعلیٰ ویرینٹس میں کی لیس انٹری، فرنٹ آٹو ونڈوز اور تیز چارجنگ جیسی سہولیات بھی موجود ہوتی ہیں۔
سوزوکی ایوری میں 660cc DOHC 12-والو VVT انجن دیا گیا ہے، جو رفتار سے زیادہ ایندھن کی بچت اور ہلکے کام کے لیے بنایا گیا ہے۔
اسے خاص طور پر روزمرہ کے کاموں، اسکول پک اینڈ ڈراپ اور کوریئر سروس جیسے استعمال کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے جہاں کم خرچ اور آسان دیکھ بھال اہم ہوتی ہے۔
زیادہ تر خریداروں کے لیے قیمت ایک اہم عنصر ہوتی ہے، اور یہ کیش بونس آفر ایوری کی ابتدائی قیمت کو کم کر کے ماہانہ اقساط کو بھی قابلِ برداشت بنا سکتی ہے۔
یہ ان صارفین کے لیے بھی ایک اچھا موقع ہے جو پُرانی وینز سے جدید، زیادہ آرام دہ اور بہتر پارٹس سپورٹ والی MPV کی طرف آنا چاہتے ہیں ، تاہم، ہمیشہ کی طرح، خریداروں کو چاہیے کہ حتمی قیمت، ڈیلیوری کا وقت اور کسی بھی اضافی چارجز کی تصدیق بُکنگ سے پہلے ضرور کریں۔