وزیرِ اعظم شہباز شریف نے یومِ نوجوانانِ بین الاقوامی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک بھر کے ہونہار طلبا میں 100,000 مفت لیپ ٹاپس تقسیم کرنے کا اعلان کیا ہے۔
وزیراعظم پاکستان کی جانب سے اعلان کے مطابق یہ لیپ ٹاپس مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر دیے جائیں گے اور کسی قسم کی سفارش یا اقربا پروری کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔
وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ یہ اسکیم ان لیپ ٹاپ اسکیموں سے علیحدہ ہوگی جو سود پر مبنی قرضوں کے ذریعے دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ان مواقع سے فائدہ اٹھائیں اور اپنی تعلیم و مہارت کے ذریعے ملک کا نام روشن کریں۔
وزیرِ اعظم نے آپریشن ’بنیان مرصوص‘ کا ذکر کرتے ہوئے 10 مئی کی کامیابی کو قوم کے لیے ایک نیا حوصلہ قرار دیا، جس میں پاکستان نے عددی لحاظ سے بڑے اور خود پسند دشمن کو شکست دی۔ انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ وہ اس کامیابی کی روح کو اپنائیں اور سخت محنت کریں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین وزیرِ اعظم یوتھ پروگرام، رانا مشہود احمد خان نے کہا کہ حکومت کے میرٹ پر مبنی پروگراموں نے ہزاروں باصلاحیت اور مستحق طلبا کو اپنی زندگی میں کامیاب ہونے کا موقع دیا ہے۔ انہوں نے پاکستان ایجوکیشن اینڈاؤمنٹ فنڈ، پاکستان دانش اتھارٹی اور وزیرِ اعظم لیپ ٹاپ اسکیم جیسے منصوبوں کا ذکر کیا، جو طلبا کی تعلیم میں معاون ثابت ہو رہے ہیں۔
مملکت برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، کیشو مل کھیئل داس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی اقلیتیں ہمیشہ ملک کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرتی آئی ہیں اور آئندہ بھی کرتی رہیں گی۔