جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے ضلعی امیر مفتی کفایت اللہ اور ان کی اہلیہ بٹ خیلہ میں فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہوگئے، جبکہ ان کی بیٹی اور بیٹا موقع پر جاں بحق ہو گئے۔
مالاکنڈ لیویز کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ مفتی کفایت اللہ کے اپنے گھر میں ہی پیش آیا جہاں ان کے اپنے بیٹے نے فائرنگ کی اور بعد میں فرار ہوگیا ہے اور اس کی تلاش کے لیے پولیس اور لیویز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، تاہم تاحال گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔
زخمیوں اور جاں بحق افراد کو ڈی ایچ کیو اسپتال بٹ خیلہ منتقل کر دیا گیا ہے۔ اسپتال ذرائع کے مطابق مفتی کفایت اللہ کی حالت خطرے سے باہر ہے، جبکہ ان کی اہلیہ کو بھی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
یاد رہے کہ مفتی کفایت اللہ اس سے قبل بھی نومبر 2019 میں ایک قاتلانہ حملے میں زخمی ہو چکے ہیں۔ پولیس نے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے اور ملزم کی جلد گرفتاری کی امید ظاہر کی گئی ہے۔