پرندوں کی دنیا میں ایک ایسا حیران کن معجزہ موجود ہے جو کسی ماہر انجینئر سے کم نہیں لگتا۔ درزی چڑیا، جسے قدرت کا ایک ننھا مگر ذہین معمار کہا جاتا ہے، اپنی منفردصلاحیتوں کی بدولت ماہرین حیاتیات کو بھی حیران کر دیتی ہے۔
یہ چھوٹی سی چڑیا اپنے گھونسلے کو سلائی کے ایسے انداز میں تیار کرتی ہے کہ دیکھنے والے دنگ رہ جاتے ہیں۔ اس کی چونچ قدرتی سوئی کا کردار ادا کرتی ہے، جس کی مدد سے یہ تازہ سبز پتوں کے کناروں پر باریک سوراخ کرتی ہے۔
گھونسلہ بنانے کے لیے درزی چڑیا کسی عام دھاگے پر انحصار نہیں کرتی، بلکہ قدرتی مواد استعمال کرتی ہے۔ یہ مکڑی کے جالے، کیڑوں کے کوئے اور پودوں کے باریک ریشوں کو جمع کر کے انہیں قدرتی دھاگے کی شکل دیتی ہے۔
حیران کن بات یہ ہے کہ یہ ننھا پرندہ ان ریشوں کو پتوں کے سوراخوں میں سے گزار کر انہیں اس مہارت سے جوڑتا ہے کہ پورا پتا ایک مضبوط اور محفوظ تھیلی کی شکل اختیار کر لیتا ہے۔ یہ عمل کسی جدید سلائی مشین سے کم نہیں لگتا۔
درزی چڑیا کی سب سے بڑی خاصیت یہ ہے کہ یہ زندہ اور سبز پتوں کا انتخاب کرتی ہے۔ اس کا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ پتے خشک نہیں ہوتے اور گھونسلا اردگرد کے ماحول میں چھپ کر شکاریوں کی نظروں سے محفوظ رہتا ہے۔
گھونسلہ مکمل ہونے کے بعد اس کے اندر نرم گھاس، باریک ریشے اور پروں کا بستر تیار کیا جاتا ہے تاکہ انڈے اور ننھے بچے مکمل آرام اور تحفظ میں رہ سکیں۔ماہرین کے مطابق درزی چڑیا کا یہ حیرت انگیز طرزِ تعمیر قدرت کی ذہانت اور تخلیق کا ایک خوبصورت ثبوت ہے، جو یہ ظاہر کرتا ہے کہ فطرت خود ایک بہترین انجینئر ہے۔