خیبرپختونخوا میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ آج سے شروع ہونے کی توقع ہے، پی ڈی ایم اے نے 22 سے 26 اگست کے دوران صوبے کے مختلف اضلاع میں تیز بارشوں اور آندھی کے امکانات کے پیش نظر الرٹ جاری کر دیا ہے۔
ادارے کے مطابق ایبٹ آباد، مانسہرہ، سوات، چترال، دیر، مالاکنڈ، کوہستان، بونیر، پشاور، مردان، نوشہرہ، ڈی آئی خان اور وزیرستان میں موسلادھار بارشوں کے نتیجے میں دریاؤں اور برساتی نالوں میں طغیانی جبکہ نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے۔
اسی طرح پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور شہروں میں اربن فلڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے گئے ہیں،پی ڈی ایم اے نے یہ بھی کہا کہ تیز ہواؤں اور گرج چمک کے دوران کمزور عمارتیں، بجلی کے کھمبے، اشتہاری بورڈز اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
دوسری جانب پنجاب میں مون سون بارشوں کا آٹھواں اسپیل کل سے شروع ہوگا، پی ڈی ایم اے پنجاب نے 23 سے 27 اگست کے دوران دریاؤں کے بالائی علاقوں میں پانی کی سطح بلند ہونے کے امکانات پر الرٹ جاری کیا ہے۔
ادارے کے مطابق 22 اگست کی رات سے مغربی ہوائیں صوبے کے شمالی حصوں میں داخل ہوں گی جس کے باعث بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگا۔
پیشگوئی کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں بارشیں متوقع ہیں جبکہ سیالکوٹ، نارووال، گوجرانوالہ، حافظ آباد اور وزیرآباد میں بھی بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے دریائے جہلم، چناب، راوی، ستلج اور ملحقہ ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔