فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سول و عسکری اداروں کے تعاون کو بلوچستان کے مسائل کے حل کے لیے ضروری قرار دے دیا۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف نے آج تربت، بلوچستان کا دورہ کیا۔
اس دورے کا مقصد خطے کی موجودہ سکیورٹی صورتحال کا جائزہ لینا، جاری ترقیاتی منصوبوں کا معائنہ کرنا اور بلوچستان میں استحکام و خوشحالی کے لیے عسکری و سول اداروں کے درمیان ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانا تھا۔
تربت آمد پر چیف آف آرمی اسٹاف کا استقبال کور کمانڈر بلوچستان نے کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان، چیف سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
دورے کے دوران آرمی چیف کو سکیورٹی کے مجموعی ماحول، ’فتنہ الہند‘ کے خلاف کامیاب آپریشنز، جاری ترقیاتی منصوبوں اور جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی حالات بہتر بنانے کی کوششوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اور سول انتظامیہ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اچھی حکمرانی، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات کو اجاگر کیا کہ بلوچستان کے عوام کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے سول و ملٹری اداروں کی مشترکہ کاوشیں نہایت اہم ہیں۔
آرمی چیف نے جنوبی بلوچستان میں سماجی و معاشی ترقی کے لیے ہر ممکن تعاون کے عزم کو دہرایا۔
فیلڈ مارشل نے جوانوں سے ملاقات کے دوران ان کے بلند حوصلے، عملی تیاری، اور قومی خودمختاری کے دفاع کے لیے غیر متزلزل عزم کو سراہا، انہوں نے مشکل حالات کے باوجود خطے میں امن و استحکام کے قیام میں ان کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کیا۔