ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) نے خبردار کیا ہے کہ پنجاب اور گلگت بلتستان میں جعلی ادویات فروخت کی جا رہی ہیں۔ اس حوالے سے ڈریپ نے متعدد معروف برانڈز کی جعلی دواؤں کی تصاویر بھی جاری کی ہیں۔
ڈریپ کے مطابق، بخار، جسمانی درد، سوزش، معدہ، سینہ، گلے اور فنگل انفیکشن سمیت کئی امراض کے لیے جعلی گولیاں اور کیپسول مارکیٹ میں دستیاب ہیں۔ اسی طرح امراضِ نسواں اور نیوروپیتھی کی ادویات بھی جعلی برانڈز کے نام پر فروخت ہو رہی ہیں۔
ادارے کا کہنا ہے کہ پنجاب اور گلگت بلتستان کی ڈرگ ٹیسٹنگ لیبارٹریز نے ان ادویات کے نمونے چیک کیے اور انہیں جعلی قرار دیا۔ اس کے بعد فوری طور پر متعلقہ حکومتوں کی درخواست پر ریپڈ الرٹ جاری کیا گیا۔