لاہور: مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے ضمنی انتخابات مل کر لڑنے کا اعلان کردیا۔ یہ اعلان وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پیپلزپارٹی رہنما راجہ پرویز اشرف کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کیا۔
حنیف عباسی نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں دونوں جماعتیں ایک دوسرے کے امیدواروں کو سپورٹ کریں گی۔ جہاں مسلم لیگ ن دوسرے نمبر پر تھی وہاں پیپلزپارٹی امیدوار کھڑا نہیں کرے گی اور جہاں پیپلزپارٹی دوسرے نمبر پر تھی وہاں ن لیگ امیدوار الیکشن نہیں لڑے گا۔
انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتیں مل کر فیصلہ سازی کریں گی اور ضمنی انتخابات میں بھرپور کامیابی حاصل کریں گی۔
پیپلزپارٹی رہنما راجہ پرویز اشرف نے بھی اس بات کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان ضمنی الیکشن سے متعلق گفتگو ہوئی ہے اور خوش اسلوبی سے معاملات کو حتمی شکل دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ معاملات طے پاچکے ہیں اور دونوں جماعتیں طے شدہ فارمولے کے تحت ضمنی الیکشن میں حصہ لیں گی۔