سینیئر سیاستدان اور صنعتکار جہانگیر خان ترین نے لودھراں کے سیلاب سے متاثرہ خاندانوں کے لیے 2 کروڑ روپے کے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے اور متاثرہ عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی اور تعاون کا عزم ظاہر کیا ہے۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق جہانگیر ترین نے اپنی ٹیم کو فوری طور پر امدادی سرگرمیاں شروع کرنے کی ہدایت دی ہے۔ امدادی پیکیج میں حفاظتی بندوں کو مضبوط کرنے کے لیے مشینری کی فراہمی اور متاثرہ خاندانوں میں راشن بیگز اور ضروری اشیا کی تقسیم شامل ہے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ ’ ہمارے سیلاب سے متاثرہ بھائی بہنوں کو اکیلا نہیں چھوڑا جائے گا۔ ان کی بحالی ہماری اولین ذمہ داری ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ قدرتی آفات قومی اتحاد اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کا تقاضا کرتی ہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ لودھراں اور ریسکیو 1122 کی امدادی مشن میں مکمل تعاون کو بھی سراہا اور کہا کہ ان کی کوششوں سے متاثرہ علاقوں تک بروقت امداد پہنچ رہی ہے۔
جہانگیر ترین، جو جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز کے بانی اور جے کے گروپ کے چیئرمین ہیں، پاکستان کی صنعت و سیاست میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کے کاروبار میں چینی کی پیداوار، بجلی کی پیداوار، بائیو فیولز، زراعت، ڈیری، مشروبات اور کھیلوں کی ٹیمیں شامل ہیں، وہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی ملتان سلطانز ٹیم کے مالک بھی ہیں۔
جہانگیر ترین 3 مرتبہ قومی اسمبلی کے رکن رہ چکے ہیں اور 2004 سے 2007 تک وفاقی وزیر برائے صنعت و پیداوار کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکے ہیں۔ 2011 میں انہوں نے تحریکِ انصاف میں شمولیت اختیار کی اور دسمبر 2017 تک پارٹی کے سیکریٹری جنرل رہے۔
جون 2023 میں انہوں نے اپنی سیاسی جماعت ’استحکامِ پاکستان پارٹی ‘ قائم کی، جس کی قیادت انہوں نے 2024 کے اوائل تک کی، جب انہوں نے سیاست چھوڑنے کا اعلان کیا۔
جہانگیر ترین کا یہ حالیہ اقدام بحران کے وقت عوامی فلاح و بہبود کے لیے ان کے مستقل عزم کا مظہر ہے۔