پاکستان کے صوبہ پنجاب کے شہر ننکانہ صاحب کے علاقے اسلام پورہ میں 2 منزلہ زیر تعمیر عمارت گرنے سے ایک خاتون اور اس کے 2 بچے جاں بحق ہو گئے۔
ریسیکیو 1122 کے مطابق اسلام پورہ میں یہ افسوسناک واقعہ اس وقت پیش آیا جب 2 منزلہ زیر تعمیرعمارت اچانک گرگئی، عمارت گرنے کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکیں تاہم حکام کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
ریسکیو 1122 کی ریسکیو ٹیم اطلاع ملتے ہی وہاں پہنچ گئی، جس کے مطابق جاں بحق ہونے والی خاتون 35 سالہ شہناز اور اس کی بیٹی 14 سالہ آمنہ اور 12 سالہ بیٹا معظم شامل ہیں جوعمارت کی چھت کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہو گئے۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر محمد اکرم پنوار نے ذاتی طور پر آپریشن کی نگرانی کی اور ریسکیو ٹیم نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد پیشہ وارانہ طریقے سے تمام لاشوں کو ملبے سے نکال لیا۔