پاک فوج کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

پاک فوج کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل

افواج پاکستان کا سیلاب متاثرین کے لیے ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے، جس میں اوکاڑہ، قصور، جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ہزاروں افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیاہے۔

یہ بھی پڑھیں:سندھ گڈو بیراج پر درمیانے درجے کا سیلاب، پنجاب میں دریا مزید بپھر گئے، تازہ صورتحال مزید سنگین ہوگئی

پاک فوج کے محکمہ تعلقات عامہ ’آئی ایس پی آر‘ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید سیلابی صورتحال کے باعث پاک فوج نے سول انتظامیہ کے ہمراہ ریسکیو اور ریلیف آپریشن کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

دریائے ستلج اور ہیڈ سلیمانکی کے سیلابی پانی سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں جاری ہیں، جہاں ہزاروں افراد کو ان کے مال مویشیوں سمیت محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

اوکاڑہ اور قصور میں پاک فوج کے جوانوں نے دن رات امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں۔ رات کے وقت بھی متاثرین سیلاب، جن میں خواتین، بزرگ اور بچے شامل تھے، کو کشتیوں کے ذریعے ریلیف کیمپس تک پہنچایا گیا۔ ان افراد کو ضروری طبی امداد اور مفت ادویات بھی فراہم کی گئیں۔

مزید پڑھیں:پنجاب میں سیلابی صورت حال بدستور تشویشناک، مزید کئی دیہات خالی کروا لیے گئے ہیں، عرفان علی کاٹھیا

ادھر جھنگ، فیصل آباد، چنیوٹ اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی پاک فوج کے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہیں۔ فیصل آباد کے دیہاتوں میں پھنسے 15,800 افراد میں سے اب تک 14,050 افراد کو بحفاظت نکال لیا گیا ہے۔ تاندلیانوالہ تحصیل میں 5 ریلیف کیمپس، 18 میڈیکل کیمپس اور 6 ریسکیو کیمپس فعال کیے جا چکے ہیں۔

پاک فوج نے جھنگ اور فیصل آباد میں 3 مقامات پر بندوں میں شگاف ڈال کر پانی کا بہاؤ نیچے کی طرف منتقل کیا، جس سے ایک سے ڈیڑھ لاکھ کیوسک پانی کا دباؤ کم کیا جا سکا۔

ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ریسکیو 1122 کے ساتھ مل کر امدادی کیمپس قائم کیے گئے ہیں، جہاں سیلاب متاثرین کو خوراک، طبی امداد اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان میں سیلابی صورت حال مزید سنگین، دریاؤں میں پانی کی بلند سطح کے تازہ اعداد و شمار جاری، ایف ایف ڈی کی نئی وارننگ

پاک فوج نے سیلابی پانی کی نکاسی کے کام میں بھی تیزی لا دی ہے اور متاثرہ علاقوں میں ریلیف سرگرمیاں مزید مؤثر انداز میں جاری ہیں۔ عوام کی جانب سے پاک فوج کے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کو بھرپور سراہا جا رہا ہے۔ مشکل کی اس گھڑی میں پاک فوج ہمیشہ کی طرح خدمت کے جذبے کے ساتھ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *