چین کے شہر تیانجن میں ایس سی او ہیڈز آف اسٹیٹ اجلاس کے موقع پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب ا ردوان کی ملاقات ہوئی۔
دونوں رہنماؤں نے خطے اور عالمی سطح پر بدلتی صورتحال پر تفصیلی گفتگو کی اور اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اور ترکیہ مختلف بین الاقوامی پلیٹ فارمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت جاری رکھیں گے۔
ملاقات میں دوطرفہ تعلقات کے فروغ پر بھی بات چیت ہوئی، انہوں نے سیاسی، اقتصادی، دفاعی اور سلامتی کے شعبوں میں بڑھتے ہوئے تعاون پر اطمینان کا اظہار کیا۔
صدرا ردوان نے پاکستان میں حالیہ سیلاب اور بارشوں سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ترکیہ مشکل وقت میں ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
اس موقع پر دونوں ممالک نے غزہ کی بگڑتی انسانی صورتحال پر تشویش ظاہر کی اور فلسطینی عوام کے حق میں اپنی مشترکہ حمایت دہراتے ہوئے اسرائیلی جارحیت کی مذمت کی۔
پاکستان اور ترکیہ نے برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور مسلم دنیا سمیت عالمی امن و خوشحالی کے لیے قریبی تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا۔