راولپنڈی اور اسلام آباد میں مسلسل بارشوں کے نتیجے میں نالہ لئی میں پانی کی سطح خطرناک حد تک بلند ہوگئی جس پر ضلعی انتظامیہ نے قریبی آبادیوں کو فوراً خالی کرنے کی ہدایت دے دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق جڑواں شہروں میں بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 98 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ گولڑہ میں 76 ملی میٹر، سیدپور میں 45 ملی میٹر اور بوکرا میں 52 ملی میٹر بارش ہوئی۔ راولپنڈی کے نیو کٹاریاں میں 63 ملی میٹر، پیرودھائی میں 42 اور شمس آباد میں 28 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی کی سطح 19 فٹ تک پہنچ چکی ہے جبکہ گوال منڈی میں بھی پانی کا لیول 14 فٹ سے تجاوز کر گیا ہے۔ متاثرہ آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
واسا نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے اپنی ٹیموں کو نشیبی علاقوں میں تعینات کردیا ہے۔ ایم ڈی واسا کے مطابق بارش کی صورتِ حال کو لمحہ بہ لمحہ مانیٹر کیا جا رہا ہے اور تمام حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔