خیبرپختونخوا اسمبلی میں افغانستان میں آنے والے زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا گیا اور اس موقع پر حکومت و اپوزیشن نے متفقہ قرارداد منظور کرلی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ افغان عوام کی ہر ممکن مدد کو اسلامی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھا جاتا ہے ایوان نے زلزلے میں جاں بحق ہونے والوں کے لیے دعائے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔
مزید کہا گیا کہ شدید زخمی افغان شہریوں کو ویزا کی پابندی کے بغیر پاکستان منتقل کرکے علاج معالجے کی سہولت فراہم کی جائے۔ قرارداد میں یہ بھی تجویز دی گئی کہ صوبائی و وفاقی حکومتیں باہمی تعاون کے تحت امدادی ٹیمیں اور طبی سامان فوری طور پر افغانستان بھیجیں۔
یاد رہے کہ افغانستان کے صوبہ کنڑ میں گزشتہ رات 6 شدت کے زلزلے کے نتیجے میں اب تک 800 افراد جاں بحق اور 2800 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ درجنوں لوگ ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔