محکمہ موسمیات نے کراچی میں آج موسلا دھار سے شدید موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے اربن فلڈنگ کے خطرے سے خبردار کیا ہے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے ہلکی بارش کے بعد شہر کا موسم خوشگوار ہوگیا، محکمہ مومسیات نے آج شہر میں 100 ملی لیٹر تک بارش کی پیشگوئی کر دی ۔
کراچی کے علاقے گلستان جوہر، شاہراہ فیصل، ڈیفنس، کلفٹن، صدر، کورنگی، لانڈھی، یونیورسٹی روڈ، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نارتھ ناظم آباد اور ملیر سمیت مختلف علاقوں میں وقفے وقفے کے ساتھ ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج کراچی میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ہے، شہر میں 100 ملی لیٹر تک بارش ہوسکتی ہے۔
زیادہ بارش میں شہری باہر نہ نکلیں، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کی اپیل
میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر زیادہ بارش ہو تو فوری طور پر اپنے دفاتر، فیکٹریوں یا گھروں سے باہر نہ نکلیں۔
میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی نے کہا کہ بارش کے دوران مختلف مقامات پر رش بڑھ جانے سے افراتفری کی کیفیت پیدا ہوجاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ رش کی وجہ سے ہمیں اپنا کام کرنے میں مشکل ہوتی ہے، شہریوں سے گزارش ہے کہ بارش کے دوران کچھ دیر انتظار کریں، فوری طور پر سڑکوں پر نہ آئیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ ماہ کراچی میں 150 ملی لیٹر بارش کے بعد شہر میں سیلاب کی صورتحال پیدا ہوگئی تھی، جس کے باعث دفاتر سے نکلنے والے لاکھوں شہری کئی کئی گھنٹے کی تاخیر سے اپنے گھروں کو پہنچ پائے تھے۔
سیکڑوں شہریوں نے اپنی گاڑیاں اور موٹرسائیکلیں سڑکوں یا محفوظ مقامات پر چھوڑ دی تھیں، کئی لوگ دفاتر میں رات گزارنے پر مجبور ہوگئے تھے، تاہم اگلے ہی روز شہر کے بڑے حصے میں پانی کی سطح میں کمی کے بعد صورت حال معمول پر آنا شروع ہوگئی تھی۔