سروا اسلامک سیونگز اکاؤنٹ سے متعلق اہم اعلان

سروا اسلامک سیونگز اکاؤنٹ سے متعلق اہم اعلان

نیشنل سیونگز سینٹر نے اپنے سروا اسلامی سیونگز اکاؤنٹ (سیسا) پر منافع کی شرح 9.5 فیصد برقرار رکھنے کا اعلان کیا ہے، جو کہ ان افراد کے لیے ایک قابلِ اعتماد اور شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کا ذریعہ ہے جو اپنے مالی اثاثوں کو اسلامی اصولوں کے مطابق بڑھانا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:نیشنل سیونگز سرٹیفکیٹس رکھنے والے ہو جائیں ہوشیار، حکومت نے بڑا اعلان کردیا

تازہ ترین تفصیلات کے مطابق، اگر کوئی فرد 1 لاکھ روپے سیسا اکاؤنٹ میں سرمایہ کاری کرتا ہے تو اسے ماہانہ 950 روپے منافع حاصل ہوگا، جو کہ حکومتی ودہولڈنگ ٹیکس سے قبل کی رقم ہے۔ تاہم منافع پر ٹیکس کا اطلاق ہوگا اور خالص منافع سرمایہ کار کے ٹیکس اسٹیٹس پر منحصر ہوگا۔

فائلرز کے لیے زیادہ منافع

ٹیکس فائلر افراد کے لیے15  فیصد ٹیکس کٹوتی کی جاتی ہے، جس کے بعد ان کا ماہانہ منافع 807.50  روپے رہ جاتا ہے۔ اس کے برعکس نان فائلرز پر 35 فیصد ٹیکس لاگو ہوتا ہے، جس کے بعد ان کا خالص منافع 617.50  روپے تک محدود ہو جاتا ہے۔ یہ فرق ٹیکس فائلر ہونے کے مالی فوائد کو اجاگر کرتا ہے۔

لچکدار سرمایہ کاری کی شرائط

سیسا اکاؤنٹ میں سرمایہ کاری کے لیے کم از کم 50,000 روپے جمع کروانا ضروری ہے۔ تاہم، اس اسکیم میں زیادہ سے زیادہ سرمایہ کاری کی کوئی حد مقرر نہیں، جس سے چھوٹے اور بڑے دونوں سرمایہ کار فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔

شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کا ماڈل

یہ اسکیم وکالہ بالاستثمار ماڈل پر مبنی ہے، جس میں سرمایہ کار موکل ہوتا ہے اور وزارتِ خزانہ کو وکیل کے طور پر نامزد کرتا ہے تاکہ وہ اس سرمایہ کو شریعت کے مطابق سرکاری منصوبوں میں استعمال کرے۔

مزید پڑھیں:نان فائلرز کے سیونگز سرٹیفکیٹ منافع سے کتنی رقم کی کٹوتی ہوگی؟

اگر منافع مقررہ شرح یعنی 9.5 فیصد سے زیادہ ہو جائے تو اضافی منافع وزارتِ خزانہ کے لیے بطور ترغیب رکھا جاتا ہے۔ تاہم، اگر نقصان ہو تو سرمایہ کار اس نقصان کا تناسبی بوجھ برداشت کرتا ہے، جو کہ اسلامی مالیاتی اصولوں کے عین مطابق ہے۔

موجودہ معاشی حالات میں مقررہ منافع اور شفاف شرعی ڈھانچے کے ساتھ سیسا اکاؤنٹ اُن افراد کے لیے ایک پُرکشش اور محفوظ آپشن بن چکا ہے جو حلال منافع کے خواہاں ہیں۔

Related Articles