نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے جنوبی پنجاب کے متعدد علاقوں میں گرج چمک اور تیز ہوا کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کر دیا۔
این ڈی ایم اے کے الرٹ کے مطابق بہاولپور، بہاولنگر، احمد پور شرقیہ، لیاقت پور، ظاہر پیر، راجن پور میں تیز بارش متوقع ہے ، اسی طرح مظفر گڑھ، ڈیرہ غازی خان، رحیم یار خان اور صادق آباد میں بھی شدید بارش متوقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے الرٹ میں کہا گیا ہے کہ 24 تا 48 گھنٹے کے دوران بارش اور طوفانی ہوائیں وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔
الرٹ کے مطابق شدید بارش سے پہاڑی اور ندی نالے بپھرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
پنجاب کے متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال بدستور برقرار ہے اور تازہ ترین رپورٹس کے مطابق ملتان کی ضلعی انتظامیہ ہیڈ تریموں سے نکلنے والے نئے سیلابی ریلے کی آمد کے باعث دوبارہ ریڈ الرٹ پر موجود ہے۔
یاد رہے کہ ملتان کے ڈپٹی کمشنر نے اپنے ایک بیان میں خبردار کیا ہے کہ ہیڈ تریموں سے چار لاکھ 14 ہزار سے زائد کیوسک کا نیا ریلا دو روز میں ملتان کے بندوں سے ٹکرائے گا۔ دریائی علاقوں کے مکین دوبارہ گھروں کو جانے سے گریز کریں۔
پی ڈی ایم اے کے اعلامیے کےمطابق دریائے چناب مرالہ ہیڈ ورکس میں پانی کا بہاو 80 ہزار کیوسک ہے جبکہ پنجاب خانکی ہیڈ ورکس ایک لاکھ 37 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں پنجند ہیڈ ورکس کے مقام پر پانی کا بہاؤ تین لاکھ 84 ہزار کیوسک ہے۔
پی ڈی ایم اے پنجاب نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور دریاؤں کے اطراف سیرو تفریح کے لیے جانے سے منع کیا ہے جبکہ دریاؤں میں ماہی گیری اور دیگر سرگرمیوں سے گریز کرنے کی ہدایات بھی کی ہیں۔