خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے آئی سی سی کا تاریخی اعلان

خواتین کرکٹ ورلڈ کپ 2025 کے لیے آئی سی سی کا تاریخی اعلان

بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کی کرکٹ کے فروغ کی جانب ایک تاریخی قدم اٹھاتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ میں تمام میچز کی نگرانی ایک مکمل طور پر خواتین پر مشتمل امپائرز اور میچ ریفریز کے پینل کے ذریعے کی جائے گی،  جو کہ 50 اوورز کے فارمیٹ میں پہلا موقع ہوگا۔

ویمنز ورلڈ کپ کا 13واں ایڈیشن 30 ستمبر 2025 سے بھارت اور سری لنکا میں منعقد ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ کے لیے 14 خواتین امپائرز اور4 میچ ریفریز کا انتخاب کیا گیا ہے۔ اگرچہ 2022 کے کامن ویلتھ گیمزاورحالیہ آئی سی سی ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں بھی خواتین میچ آفیشلز پر مشتمل پینل شامل رہے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع ہوگا کہ خواتین کا ون ڈے ورلڈ کپ مکمل طور پر خواتین آفیشلز کی زیر نگرانی منعقد ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں:آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی رینکنگ جاری، پاکستانی کھلاڑی ٹاپ ٹین سے آئوٹ

منتخب شدہ خواتین امپائرز میں کئی تجربہ کار نام شامل ہیں جن میں کلیئر پولوساک، جیکولین ولیمز اور سو ریڈفرن شامل ہیں، جو اپنے تیسرے ویمنز ورلڈ کپ میں فرائض انجام دیں گی۔ لورین ایگنبیگ اور کم کاٹن دوسری بار اس بڑے ایونٹ میں امپائرنگ کریں گی۔

میچ ریفریز کے طور پر ٹروڈی اینڈرسن، شاندری فرٹز، جی ایس لکشمی اور مشیل پریرا کو نامزد کیا گیا ہے، جو مختلف سطح پراپنے تجربے کے ساتھ ٹورنامنٹ کی نگرانی کریں گی۔

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ نے اس پیش رفت کو خواتین کی کرکٹ کے سفر میں ایک ’اہم سنگ میل‘ قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ’ یہ صرف ایک علامتی قدم نہیں بلکہ مواقع کی فراہمی، نمونہ بننے اور آئندہ نسلوں کو متاثر کرنے کا ایک مؤثر ذریعہ ہے‘۔

انہوں نے مزید کہا کہ ’ ہم چاہتے ہیں کہ عالمی سطح پر امپائرنگ میں خواتین کی شمولیت کو اجاگر کر کے قیادت اور اثر و رسوخ کے لیے نئی راہیں کھولی جائیں، تاکہ یہ واضح ہو کہ کرکٹ میں کامیابی کا تعلق صنف سے نہیں بلکہ صلاحیت سے ہے‘۔

مزید پڑھیں:آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کوالیفائر ٹیم آف دی ٹورنامنٹ کا اعلان، 4 پاکستانی پلیئرز شامل

خواتین کی کرکٹ کے لیے ایک اور بڑی خبر میں، آئی سی سی نے رواں ماہ کے آغاز میں ورلڈ کپ کی انعامی رقم میں زبردست اضافہ بھی کیا ہے۔

اب ٹورنامنٹ کی کل انعامی رقم 13.88 ملین امریکی ڈالر ہوگی، جو کہ 2022 میں نیوزی لینڈ میں ہونے والے پچھلے ایڈیشن کی 3.5 ملین ڈالر کی رقم کے مقابلے میں 297 فیصد اضافہ ہے۔

یہ اقدامات اس بات کی غمازی کرتے ہیں کہ 2025 کا ویمنز ورلڈ کپ نہ صرف میدان میں بلکہ میدان سے باہر بھی ایک تاریخی ایونٹ ثابت ہونے جا رہا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *