وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر گندم مارکیٹ میں بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کے نتیجے میں گندم کی قیمت میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 4000 روپے فی من سے کم ہو کر 3500 روپے تک آگئی، یعنی 700 روپے کمی واقع ہوئی۔
قومی ذرائع ابلاغ کے مطابق وزیراعلیٰ کے براہ راست احکامات پر ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائیاں کی گئیں، جس سے مارکیٹ میں گندم کی دستیابی بہتر ہوئی اور قیمتوں میں کمی آئی۔
پنجاب حکومت نے پرائس کنٹرول اور فوڈ مینجمنٹ سے وابستہ متعدد اعلیٰ افسران کے تبادلے بھی کر دیے ہیں تاکہ گندم اور آٹے کی قیمتوں پر مؤثر کنٹرول ممکن بنایا جا سکے۔
فلور ملز ایسوسی ایشن نے اعلان کیا ہے کہ 20 کلو آٹے کا ایکس مل ریٹ 1760 روپے اور ریٹیل ریٹ 1810 روپے مقرر کیا گیا ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ اور لاہور سمیت بڑے شہروں میں گندم کی قیمتوں میں کمی کے اثرات نمایاں نظر آ رہے ہیں۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے متعلقہ اداروں کو ہدایت دی ہے کہ ذخیرہ اندوزی کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عمل کیا جائے اور عوام کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔