محکمہ ایکسائز نے گاڑیوں اور موٹر سائیکل رکھنے والے شہریوں کو بڑی سہولت فراہم کرتے ہوئے یکم ستمبر سے رجسٹرڈ گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس بغیر درخواست براہِ راست مالکان کے نام منتقل کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اس سے قبل ایکسائز کی جانب سے نمبر پلیٹس منتقل کروانے کے لیے درخواست دینے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم اب دو کروڑ 36 لاکھ سے زائد گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کی نمبر پلیٹس خودکار طریقے سے منتقل کر دی گئی ہیں۔ اس اقدام کی تصدیق ڈائریکٹر جنرل ایکسائز عمر شیر چٹھہ نے کی ہے۔
محکمہ ایکسائز کے مطابق موٹر سائیکل اور گاڑیوں کی رجسٹریشن اور ٹرانسفر مالکان کے شناختی کارڈ پر منتقل کی گئی ہیں۔ پنجاب میں تقریباً 2 کروڑ موٹر سائیکلوں کے نمبرز، اکیس لاکھ 85 ہزار سے زائد گاڑیوں کے نمبرز، 6 لاکھ سے زیادہ رکشوں، 2 لاکھ سے زائد پک اپس اور ایک لاکھ ٹرکوں کے نمبرز منتقل کیے گئے ہیں۔
اسی طرح 5 لاکھ سے زائد ٹریکٹر، ایک لاکھ 31 ہزار سے زیادہ ڈیلیوری وینز، ایک لاکھ سے زائد بسیں اور 51 ہزار منی بسوں کی نمبر پلیٹس بھی مالکان کے نام منتقل کر دی گئی ہیں۔