وزیر داخلہ محسن نقوی کا منیٰ میں پاکستانی حجاج کے کیمپس کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

وزیر داخلہ محسن نقوی کا منیٰ میں پاکستانی حجاج کے کیمپس کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

وزیر داخلہ محسن نقوی نے منیٰ میں پاکستانی حجاج کرام کے کیمپس کا دورہ کر کے انتظامات اور سہولتوں کا جائزہ لیا۔

وزیر داخلہ نے دورے کے دوران حجاج کرام خصوصاً بزرگوں سے ملاقات کی اور ان سے انتظامات، رہائش اور کھانے پینے کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔

محسن نقوی 100 برس کی عمر کے بزرگ حاجی سے خصوصی طور پر ملے اور ان کی خیریت دریافت کی، انہوں نے معمر ترین حاجی کی ہمت کو سراہا۔

اس موقع پر حجاج کرام نے بتایا ہے کہ اس بار انتظامات اچھے ہیں، کچھ مسائل کا سامنا کرنا پڑا لیکن عملے نے بہت تعاون کیا۔

یہ بھی پڑھیں :اذان نے زندگی بدل دی، اطالوی نوجوان مسلمان ہو کر حج کی ادائیگی میں مصروف

محسن نقوی نے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف اور ان کی ٹیم کی محنت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ہر حاجی ہمارے لیے بہت خاص ہے، مسائل کے حل کے لیے عملہ موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ سعودی حکومت نے اس بار حجاج کرام کی پاکستان میں امیگریشن کی بہت بڑی سہولت فراہم کی، سعودی عرب کے ولی عہد اور وزارت حج کے خصوصی طور پر شکر گزار ہیں۔

واضح رہے کہ دنیا بھر سے آئے تقریباً 20 لاکھ مسلمان اس وقت منیٰ میں موجود ہیں۔پاکستانی عازمینِ حج نے منیٰ میں ظہر اور عصر کی نمازیں ادا کیں،منیٰ سے میدانِ عرفات کی جانب اولین قافلوں کی روانگی سر شام شروع ہو گئی ، آج 9ذوالحج کو عازمینِ حج رکن اعظم وقوفِ عرفات کریں گے ،  ظہر کی نماز سے قبل تمام عازمینِ حج میدانِ عرفات پہنچ جائیں گے۔

editor

Related Articles