سیکیورٹی فورسز کا لوئر دیر لال قلعہ میدان میں آپریشن، بھارتی سپانسرڈ 10 دہشتگرد ہلاک، 7 جوان شہید

سیکیورٹی فورسز  کا  لوئر دیر لال قلعہ میدان  میں آپریشن، بھارتی سپانسرڈ 10 دہشتگرد ہلاک، 7 جوان شہید

لوئر دیر کے علاقے لال قلعہ میدان میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلیجنس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارتی سپانسرڈ “فتنہ الخوارج” کے 10 دہشتگرد ہلاک کر دیے۔ آپریشن کے دوران 7 جوان مادرِ وطن پر قربان ہو گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق شہید ہونے والوں میں نائیک عبدالجلیل، نائیک گل جان، لانس نائیک عظمت اللہ، سپاہی عبدالمالک، سپاہی محمد امجد، سپاہی محمد داؤد اور سپاہی فضل قیوم شامل ہیں۔

کارروائی دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کی گئی، جہاں فورسز نے بھارتی پراکسی فتنہ الخوارج کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ سیکیورٹی فورسز اور دہشتگردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی حمایت یافتہ خوارج نے عام شہریوں کو یرغمال بنایا ہوا تھا، تاہم شہداء نے ان شہریوں کی جان بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کیں۔

انٹیلیجنس رپورٹس کے مطابق افغان شہری دہشتگردی میں براہ راست ملوث پائے گئے۔ پاکستان نے افغان عبوری حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ دہشتگردوں کی پشت پناہی بند کرے۔

یہ بھی پڑھیں: پاک افغان سرحدی علاقے میں سیکورٹی فورسز کا کامیاب آپریشن، 4 دہشتگرد ہلاک

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے اور سیکیورٹی فورسز بھارتی پشت پناہی سے ہونے والی دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔

شہداء کی تفصیلات کے مطابق نائیک عبدالجلیل کی عمر 39 برس اور تعلق شمالی وزیرستان سے تھا، نائیک گل جان 38 برس کے تھے اور تعلق لکی مروت سے تھا، لانس نائیک عظمت اللہ کی عمر 28 برس اور تعلق بھی لکی مروت سے تھا۔

اسی طرح سپاہی عبدالمالک 28 برس کے تھے اور ضلع خیبر سے تعلق رکھتے تھے، سپاہی محمد امجد 27 برس کے تھے اور ضلع مالاکنڈ سے تعلق رکھتے تھے، سپاہی محمد داؤد 28 برس کے تھے اور ضلع صوابی سے تعلق رکھتے تھے جبکہ سپاہی فضل قیوم کی عمر 21 برس تھی اور وہ ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے رہائشی تھے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *