وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف بھرپور جواب جاری رہے گا اور افغانستان کو واضح کردیا گیا ہے کہ وہ خارجیوں اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرے۔
وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دہشت گردی سے متعلق اہم اور اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کی۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق وزیراعظم اور فیلڈ مارشل نے جنوبی وزیرستان آپریشن میں شہید ہونے والے 12 جوانوں کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی۔
اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائی جاری رہے گی اور اس حوالے سے کسی قسم کا ابہام برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ افغان حکومت کو دوٹوک پیغام دیا گیا ہے کہ خارجیوں اور پاکستان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا۔