دبئی میں پاکستان اور بھارت کے درمیان ایشیا کپ کا سب سے بڑا میچ آج کھیلا جائے گا، جس کی فاتح ٹیم سپر فور مرحلے میں جگہ بنائے گی۔
دونوں ٹیمیں دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی، یہ رواں سال دونوں روایتی حریفوں کا پہلا مقابلہ ہوگا، ایونٹ کے میزبان بی سی سی آئی پر دباؤ تھا کہ پاکستان کے ساتھ میچ نہ کھیلا جائے، مگر دباؤ کے باوجود ٹیم میدان میں اترنے کو تیار ہے۔
پاکستان نے ایونٹ کا آغاز عمان کو 67 پر آؤٹ کرکے 93 رنز سے آسان فتح کے ساتھ کیا، محمد حارث نے 66 رنز کی شاندار اننگز کھیلی تاہم دیگر ٹاپ آرڈر بلے باز جلد پویلین لوٹ گئے، فخر زمان 23 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے لیکن بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے۔
کپتان سلمان علی آغا نے کہا کہ ٹیم اگر اپنے پلانز پر درست عمل کرے تو کسی بھی حریف کو شکست دے سکتی ہے،انہوں نے تسلیم کیا کہ بیٹنگ میں مزید بہتری کی ضرورت ہے لیکن بولنگ شاندار رہی ہے۔
بھارت نے بھی شاندار آغاز کیا اور یو اے ای کو صرف 57 رنز پر ڈھیر کر دیا، کلدیپ یادو نے 4 اور شیوم دوبے نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی اوپنرز ابھشیک شرما اور شبمن گل نے جارحانہ بیٹنگ سے ٹیم کو 4.3 اوورز میں ہدف تک پہنچایا۔
میچ کے ٹکٹس کی فروخت توقع کے برعکس سست روی کا شکار رہی تاہم منتظمین کو آج اسٹیڈیم کے مکمل بھرنے کی امید ہے،سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں اور شائقین کو قانون کی خلاف ورزی پر جرمانے اور سزاؤں کی وارننگ دی گئی ہے۔
دونوں ٹیموں کا دبئی میں آخری ٹاکرا ستمبر 2022 میں ہوا تھا جب پاکستان نے محمد رضوان کے 71 رنز اور محمد نواز کی آل راؤنڈ پرفارمنس کی بدولت 5 وکٹ سے کامیابی حاصل کی تھی۔
آج کا میچ جیتنے والی ٹیم ایشیا کپ کے سپر فور میں رسائی حاصل کر لے گی اور دونوں طرف کے شائقین اس مقابلے کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔