پنجاب میں سیلاب صورتحال برقرار ، سینکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے

پنجاب میں سیلاب صورتحال برقرار ، سینکڑوں دیہات پانی میں ڈوب گئے

پنجاب میں سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں جس کے باعث شجاع آباد، رحیم یار خان، احمد پور شرقیہ، راجن پور اور وہاڑی کے درجنوں دیہات پانی میں ڈوب چکے ہیں۔

فیڈرل فلڈ کمیشن کے مطابق دریائے چناب میں پنجند بیراج کے مقام پر اس وقت انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے  جبکہ آئندہ 24 سے 48 گھنٹوں میں گڈو بیراج میں بھی بہت اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

ملتان کے علاقے ہیڈ محمد والا اور شیر شاہ کی متعدد بستیاں گہرے پانی میں ڈوبی ہوئی ہیں، شجاع آباد اور جلالپور پیروالا میں لاکھوں افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

چاچڑاں میں دریا کے کٹاؤ سے سینکڑوں مکانات بہہ گئے، ہزاروں ایکڑ کھڑی فصلیں تباہ ہو گئیں اور رابطہ سڑکیں ڈوب جانے سے آمدورفت معطل ہو گئی، صادق آباد کے نبی شاہ کے مقام پر زمیندارہ بند ٹوٹنے سے پانی قریبی آبادیوں میں داخل ہوگیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں :حکومت نے سیلاب متاثرین کے لئے بڑے ریلیف کا اعلان کردیا

شجاع آباد میں سیلابی ریلے نے مزید تباہی مچائی ہے اور بستی دھوندو کے بند میں شگاف بڑھ کر 240 فٹ تک پہنچ گیا، جلالپور پیروالا اور شیر شاہ کے کئی علاقے اب بھی زیرِ آب ہیں جبکہ اوچ شریف میں بھی سیلابی صورتحال برقرار ہے اور متاثرہ دیہات میں رات گئے تک ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

راجن پور میں کچے کے علاقوں میں ہزاروں لوگ گھروں سے نکلنے پر مجبور ہو گئے، روجھان، بنگلہ اچھا، سونمیانی اور کوٹ مٹھن کے کچے کے علاقے بھی متاثر ہوئے ہیں۔

انتظامیہ کے مطابق اب تک تقریباً 1 لاکھ 10 ہزار افراد اور ایک لاکھ سے زائد مویشی محفوظ مقامات پر منتقل کیے جا چکے ہیں،متاثرہ علاقوں میں فلڈ ریلیف کیمپس قائم ہیں اور ڈرونز کی مدد سے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔

وہاڑی میں بھی 100 سے زیادہ دیہی علاقے زیرِ آب آ گئے ہیں اور 76 ہزار ایکڑ زمین پر کھڑی فصلیں مکمل طور پر ڈوب چکی ہیں، رحیم یار خان میں دریائے سندھ پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہے اور کئی بستیاں پانی میں گھر گئی ہیں، جہاں لوگ گھروں میں محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔

editor

Related Articles