نئی دہلی نے آخرکار معرکہِ حق میں اٹھنے والے بھاری جانی نقصان کا اعتراف کر لیا اور 228 بھارتی فوجیوں کی تصاویر جاری کر دیں جو اس معرکے میں ہلاک ہوئے، رپورٹس کے مطابق ان میں سے زیادہ تر ہلاکتیں پاک فوج کے بھرپور اور درست نشانہ لگانے والے حملوں کے نتیجے میں ہوئیں جنہوں نے بھارتی ایئربیسز اور فضائی دفاعی نظام کو شدید نقصان پہنچایا۔
اگرچہ بھارت نے سرکاری طور پر 228 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے، لیکن مقبوضہ کشمیر سے آنے والی رپورٹس اور زمینی حقائق اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ اصل نقصان اس تعداد سے کہیں زیادہ تھا۔ یہ اعتراف بھارت کی طویل خاموشی اور زمینی حقائق کو چھپانے کی کوششوں پر سوالیہ نشان ہے۔
پاکستان کے لیے یہ لمحہ اس بات کی ایک اور گواہی ہے کہ اس کی افواج بے مثال جرات، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت سے سرشار ہیں،معرکہِ حق نے ایک بار پھر ثابت کر دیا کہ جب بات مادرِ وطن کے دفاع کی آتی ہے تو پاکستانی سپاہی ایسی کاری ضرب لگاتے ہیں کہ دشمن کے مضبوط ترین قلعے بھی لرز اٹھتے ہیں۔
یہ انکشاف محض ایک عدد نہیں بلکہ ایک یاد دہانی ہے ہمارے شہداء کی قربانیوں کی، ہماری فتح کی اور اس قوم کے غیر متزلزل عزم کی جو اپنے محافظوں کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔