معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت کے نئے حربے، جنگی سازوسامان کے جعلی ماڈلز بنانے کا انکشاف

معرکہ حق میں شکست کے بعد بھارت کے نئے حربے، جنگی سازوسامان کے جعلی ماڈلز بنانے کا انکشاف

معرکہ حق میں افواجِ پاکستان کے ہاتھوں ذلت آمیز شکست کے بعد بھارت نے ایک نیا اور حیران کن حربہ اپنایا ہے۔ معتبر ذرائع کے مطابق بھارتی افواج نے اہم جنگی سازوسامان، خصوصاً لڑاکا طیاروں اور فضائی دفاعی نظام کے جعلی ماڈلز’انفلیٹ ایبل ڈیکوائز‘ تیار کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:مودی سرکار کا جنگی جنون خطے کے امن کے لیے سنگین خطرہ

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدم بھارت کی دفاعی حکمتِ عملی میں گہری کمزوری اور افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں سے خوف کا واضح ثبوت ہے۔ بھارت خصوصاً پاکستانی میزائل سسٹمز کی اہداف پر درستگی سے حملے کی صلاحیت سے شدید خوفزدہ ہے، جس کا عملی مظاہرہ حالیہ معرکہ حق میں دیکھنے کو ملا ہے۔

ذرائع کے مطابق بھارت رافیل طیاروں اور روسی ساختہ S-400 فضائی دفاعی نظام جیسے اربوں ڈالر کے ہتھیاروں کو بچانے میں مکمل طور پر ناکام رہا۔ یہی وجہ ہے کہ اب وہ ان مہنگے نظاموں کے جعلی ماڈلز تیار کر کے دشمن کو دھوکہ دینے کی کوشش کر رہا ہے۔

ان جعلی ماڈلز کا مقصد دہرا ہے، ایک طرف دشمن کو فضائی حملے کے دوران گمراہ کرنا اور دوسری جانب اصل جنگی سازوسامان کی تباہی کی صورت میں جعلی ماڈلز کی تباہی کا بیانیہ گھڑ کر اپنی ہزیمت کو چھپانا ہے۔

مزید پڑھیں:مودی سرکار کی خطے میں عدم استحکام کی سازش، نئےجنگی ہتھیار خریدنے کےمعاہدے پر دستخط

دفاعی تجزیہ نگاروں کے مطابق بھارتی فضائیہ کی جانب سے ان نقلی ماڈلز کی خریداری اس بات کا کھلا اعتراف ہے کہ وہ اپنے اصل اثاثے، خصوصاً ہوائی اڈے اور دفاعی تنصیبات، کو پاکستانی حملوں سے بچانے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کے لیے سب سے بڑی رسوائی ’آپریشن سندور‘ کے دوران ہوئی، جہاں اس کی فضائیہ کی نااہلی نے عالمی سطح پر بھی اس کی جگ ہنسائی کروائی۔ اس تناظر میں جعلی ماڈلز کا سہارا لینا بھارت کی دفاعی پالیسی کی ناکامی اور نفسیاتی شکست کی علامت کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ پاکستان کی عسکری طاقت اور حکمت عملی کی موجودگی میں بھارت کا یہ نیا حربہ نہ صرف بے اثر ثابت ہوگا بلکہ خطے میں اس کی ساکھ کو مزید نقصان پہنچائے گا۔

Related Articles