وفاقی حکومت نے پاکستان ریلویز میں بھرتیاں کرنے کا فیصلہ کر لیا،پاکستان میں مہنگائی اور بے روزگاری جیسے چیلنجز کے درمیان وفاقی حکومت کی جانب سے ایک خوش آئند قدم اٹھایا گیا ہے۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق حکومت نے پاکستان ریلویز میں تین مختلف عہدوں پر ایک ہزار اہلکار بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ فیصلہ اُن ہزاروں نوجوانوں کے لیے ایک امید کی کرن ہے جو طویل عرصے سے روزگار کے منتظر ہیں۔
رپورٹ کے مطابق 81 اسسٹنٹ سب انسپکٹر بھرتی کیے جائیں گے جن کی تعلیم انٹرمیڈیٹ ہونا لازم ہے۔
ان بھرتیوں میں 69 مرد، آٹھ خواتین اور چارنشستیں اقلیتی کوٹہ کیلئے مختص کی گئی ہیں۔
914 کانسٹیبل جن میں 789 مرد، 89 خواتین اور 39 نشستیں اقلیتی کوٹہ کیلئے مخصوص کی گئی ہیں، کانسٹیبل بھرتی ہونے کیلئے تعلیمی قابلیت میٹرک سی گریڈ رکھی گئی ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے نئی بھرتیوں کا اعلان نہ صرف بیروزگار نوجوانوں کے لیے ایک خوش آئند موقع ہے، بلکہ یہ ملکی ترقی کی جانب ایک اہم قدم بھی ہے۔
اگر آپ اہلیت رکھتے ہیں اور سرکاری ملازمت حاصل کرنے کے خواہشمند ہیں، تو یہ موقع ہاتھ سے نہ جانے دیں ، ابھی سے تیاری شروع کریں، تمام ضروری دستاویزات مکمل رکھیں اور وقت پر درخواست جمع کروائیں۔