ایم جی پاکستان نے اپنی دو مقبول الیکٹرک گاڑیوں پر محدود وقت کے لیے خصوصی رعایت کا اعلان کیا ہے، جس کے تحت صارفین ہر گاڑی پر 13 لاکھ روپے سے زائد کی بچت کر سکتے ہیں۔
کمپنی کے مطابق یہ رعایت ایم جی 4 ایکسائٹ اور ایم جی زیڈ ایس ای وی شارٹ رینج ماڈلز پر دستیاب ہوگی تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد الیکٹرک گاڑیوں کے فوائد سے مستفید ہو سکیں۔
ایم جی 4 ایکسائٹ کی قیمت میں 13 لاکھ 9 ہزار روپے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد یہ گاڑی اب 97 لاکھ 99 ہزار روپے کی بجائے 84 لاکھ 90 ہزار روپے میں دستیاب ہوگی۔
ایم جی زیڈ ایس ای وی شارٹ رینج کی قیمت بھی 13 لاکھ روپے کم کر دی گئی ہے جس کے بعد نئی قیمت ایک کروڑ 9 لاکھ 90 ہزار کی بجائے 96 لاکھ 90 ہزار روپے ہوگئی ہے۔
کمپنی نے بتایا کہ یہ رعایت محدود تعداد میں گاڑیوں پر دستیاب ہوگی اور اس کی مدت کا اعلان ابھی نہیں ہوا، اس لیے دلچسپی رکھنے والے صارفین جلدی بکنگ کروا سکتے ہیں۔
پاکستان کی آٹوموٹو انڈسٹری آہستہ آہستہ ماحول دوست گاڑیوں کی جانب بڑھ رہی ہے اور ایم جی پاکستان کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی سے زیادہ لوگ الیکٹرک گاڑیوں کی طرف راغب ہوں گے جس سے ماحول دوست ٹرانسپورٹیشن کے فروغ میں مدد ملے گی۔