ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2025 کے 12ویں اور آخری گروپ میچ میں بھارت نے عمان کو 21 رنز سے ہرا دیا۔
بھارت نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 188 رنز بنائے۔ ابھشیک شرما نے صرف 15 گیندوں پر 38 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی جس میں 5 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے، جبکہ سنجو سیمسن نے 56 رنز بنائے۔ عمان کے بولر شاہ فیصل سب سے نمایاں رہے، انہوں نے 23 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ دیگر بولرز نے بھی درمیانی اوورز میں بھارت کی رفتار سست کی، خاص طور پر آخری تین اوورز میں بھارتی ٹیم صرف 21 رنز بنا سکی اور ایک ہی چوکا لگایا۔
ہدف کے تعاقب میں عمان نے شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے مقابلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 167 رنز بنا پائی۔ عامر کلیم نے 7 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 64 رنز بنائے جبکہ حماد مرزا نے 51 رنز کی اننگز کھیلی۔ تاہم عمان کی کوششوں کے باوجود بھارت نے میچ 21 رنز سے جیت لیا۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادیو کا کہنا تھا کہ ٹیم نے اس ٹورنامنٹ میں اب تک پہلے بیٹنگ نہیں کی تھی، اس لیے آج یہ فیصلہ کیا گیا۔
خیال رہے کہ بھارتی ٹیم ایونٹ میں پہلے ہی دو میچ جیت کر سپر فور مرحلے میں جگہ بنا چکی ہے۔ گزشتہ روز سری لنکا نے افغانستان کو 6 وکٹوں سے شکست دے کر سپر فور کے لیے کوالیفائی کیا تھا۔
سری لنکا کی کامیابی کے ساتھ ایشیا کپ کے سپر فور کی چار ٹیموں کا فیصلہ ہوگیا ہے، جن میں گروپ اے سے پاکستان اور بھارت جبکہ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلا دیش شامل ہیں۔ سپر فور مرحلے کے پہلے میچ میں آج بنگلا دیش اور سری لنکا آمنے سامنے ہوں گے۔