مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی،شہباز شریف

مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر بھارت سے کوئی بات نہیں ہوسکتی،شہباز شریف

وزیراعظم شہباز شریف نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا  بھارت کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے یا مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

لندن میں اوورسیز پاکستانیز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بیرونِ ملک پاکستانیوں کو اگر سونے اور جواہرات میں بھی تولا جائے تو ان کی قربانیوں کا حق ادا نہیں ہوسکتا۔

انہوں نے کہا کہ آپ لوگ پاکستان کی معیشت اور سیاسی آواز ہیں، اس سال اوورسیز پاکستانیوں نے ساڑھے 38 ارب ڈالر وطن بھیج کر ملکی معیشت کو سہارا دیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں :لندن میں پاکستانی شہریوں کا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراجِ تحسین

بھارت کے ساتھ تعلقات پر بات کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ جب تک مسئلہ کشمیر کا حل نہیں نکلتا ہم کوئی بات نہیں کرسکتے ہمسایہ ہونے کے ناطے ہم پرامن تعلقات چاہتے ہیں مگر کشمیری عوام کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، انہوں نے کہا کہ جو کوئی یہ سمجھتا ہے کہ کشمیر کو پسِ پشت ڈال کر پاک بھارت تعلقات بہتر ہوسکتے ہیں وہ  احمقوں کی جنت میں رہتا ہے۔

شہباز شریف نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن ممکن نہیں، انہوں نے غزہ میں جاری اسرائیلی کارروائیوں کی بھی مذمت کی اور کہا کہ 64 ہزار سے زائد بے گناہ افراد جن میں بزرگ، خواتین اور بچے شامل ہیں  شہید کیے جا چکے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو آپریشن  بنیان مرصوص  میں جو کامیابی ملی اس نے دنیا میں ملک کی ساکھ کو مزید مضبوط کیا۔

یہ کنونشن اوورسیز پاکستانیز فاؤنڈیشن نے لندن کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقد کیا تھا  جس میں وزیرِ دفاع خواجہ آصف، عطاتارڑ، عون چوہدری، ملک احمد خان اور ساجد تارڑ بھی شریک ہوئے،عون چوہدری نے کہا کہ بڑی تعداد میں اوورسیز پاکستانیوں نے آکر وزیراعظم سے اپنی محبت کا اظہار کیا،  جبکہ ملک احمد خان نے بتایا کہ وزیراعظم کی اقوامِ متحدہ میں دو روز بعد اہم مصروفیات ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *