ڈی آئی خان ،سکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک

ڈی آئی خان ،سکیورٹی فورسز کا  آپریشن، فتنہ الہندوستان کے 7 دہشتگرد ہلاک

خیبرپختونخوا کے ضلع ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر ایک کامیاب آپریشن کیا جس کے دوران بھارتی حمایت یافتہ تنظیم “فتنہ الہندوستان” کے سات دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ یہ کارروائی انٹیلی جنس اطلاعات ملنے کے بعد کی گئی جن کے مطابق علاقے میں دہشت گردوں کا ایک گروہ موجود تھا جو مختلف تخریبی سرگرمیوں میں ملوث رہا تھا۔ فورسز نے ٹھکانے کا تعین کرنے کے بعد کارروائی کی اور دہشت گردوں کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔

آپریشن کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا، جو ملک میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں استعمال ہونا تھا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک ہونے والے تمام دہشت گرد مختلف حملوں اور پرتشدد کارروائیوں میں ملوث تھے جن میں عام شہریوں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ علاقے میں دیگر دہشت گرد عناصر کی موجودگی کو مدنظر رکھتے ہوئے سرچ اور کلیئرنس آپریشن جاری رکھا جائے گا تاکہ علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جا سکے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ بھارتی حمایت یافتہ دہشت گردی کے نیٹ ورک کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے آپریشنز اسی عزم کے ساتھ جاری رہیں گے اور ملک میں دیرپا امن قائم کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *