ملتان کی تحصیل جلال پور پیر وا لا میں حالیہ سیلاب کے باعث موٹروے ایم 5 پر ٹریفک کی روانی بدستور معطل ہے، تاہم موٹروے حکام اور متعلقہ ادارے سڑک کی بحالی کے لیے مسلسل کام کر رہے ہیں تاکہ جلد از جلد ٹریفک کو بحال کیا جا سکے۔
ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق اب تک ایم 5 کے کم از کم 13 مقامات کو شدید نقصان پہنچ چکا ہے جس کی وجہ سے سڑک پر سفر ممکن نہیں رہا، جب کہ خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پانی کی سطح برقرار رہنے یا مزید بارشوں کی صورت میں چار سے پانچ مزید مقامات کو بھی نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اس صورتحال کے پیش نظر حکام مرمت اور بحالی کے کام میں تیزی لانے کی کوشش کر رہے ہیں تاکہ متاثرہ حصوں کو دوبارہ قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ موٹروے کی بندش کے باعث پولیس نے ٹریفک کے لیے متبادل راستے فراہم کیے ہیں تاکہ مسافروں کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے، ملتان سے سکھر جانے والی گاڑیوں کو دیگر متبادل شاہراہوں پر منتقل کیا جا رہا ہے اور مسافروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اوچ شریف انٹرچینج سے دوبارہ ایم 5 پر سفر شروع کر سکتے ہیں۔
موٹروے پولیس کا کہنا ہے کہ سیلابی صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور جیسے ہی بحالی کا کام مکمل ہوگا، موٹروے کو مرحلہ وار کھول دیا جائے گا۔ مسافروں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ سفر سے قبل موٹروے ہیلپ لائن پر رابطہ کر کے تازہ ترین صورتحال معلوم کریں تاکہ وہ غیر ضروری مشکلات سے بچ سکیں۔